اتراکھنڈ: سلکیارا ٹنل میں پھنسے تمام 41 مزدوروں کو نکال لیا گیا

عظمیٰ ویب ڈیسک

اترکاشی (اتراکھنڈ) //اتراکھنڈ کے سلکیارا ٹنل میں پھنسے تمام 41 مزدوروں کو بچاو ٹیموں کی 16 دن تک جاری انتھک کوششوں کے بعد کو کامیابی کے ساتھ نکال لیا گیا۔
دریں اثنا، مقامی لوگوں نے سلکیارا ٹنل کے باہر مٹھائیاں تقسیم کیں۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے مرکزی وزیر مملکت جنرل (ریٹائرڈ) وی کے سنگھ کے ساتھ بچائے گئے کارکنوں سے ملاقات کی۔
اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے ٹویٹ کیا، ”ٹنل میں بنائے گئے عارضی میڈیکل کیمپ میں تمام کارکنوں کی ابتدائی صحت کی جانچ کی جا رہی ہے”۔
مزید، مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا کہ وہ راحت اور خوش ہیں کیونکہ سلکیارا ٹنل میں پھنسے 41 مزدوروں کو کامیابی کے ساتھ بچا لیا گیا ہے۔
گڈکری نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا،”میں مکمل طور پر راحت اور خوش ہوں کیونکہ سلکیارا ٹنل میں پھنسے ہوئے 41 مزدوروں کو کامیابی سے بچا لیا گیا ہے۔ یہ متعدد ایجنسیوں کی طرف سے ایک اچھی طرح سے مربوط کوشش تھی، جو حالیہ برسوں میں سب سے اہم ریسکیو آپریشنز میں سے ایک ہے۔ مختلف محکموں اور ایجنسیوں نے متعدد چیلنجوں کا سامنا کرنے کے باوجود ایک دوسرے کی تکمیل کی۔ سب کی انتھک اور مخلصانہ کوششوں اور سب کی دعاو¿ں سے یہ آپریشن ممکن ہوا۔ امدادی ٹیموں کی سرشار کوششوں کے سازگار نتائج برآمد ہوئے ہیں”۔
انہوں نے اس ریسکیو آپریشن میں شامل ہر ادارے اور فرد کا شکریہ ادا کیا۔