تازہ برفباری کے بعد وادی کا فضائی و زمینی رابطہ منقطع

Srinagar Airport/ File Photo

سری نگر//محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب وادی کشمیر کے لگ بھگ تمام حصوں میں برف باری کا سلسلہ شرع ہوا اور پیر کی صبح تک سری نگر سمیت پوری وادی نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔
اسی دوران وادی کشمیر کا زمینی و فضائی راستہ منقطع ہو کر رہ گیا ہے۔برفباری کی وجہ سے سرینگر ائرپورٹ پر پروازیں تاخیر کا شکار ہوئی ہیں ، ٹرین سروس بھی معطل کر دی گئی ہے اور جموں وسرینگر قومی شاہراہ شدید بارشوں کی وجہ بند ہو کر رہ گئی ہے۔
تازہ برف باری، سری نگر میں جہاں شہنشاہ زمستان چالیس روزہ چلہ کلان کی پہلی برف باری ہے وہیں دوسری طرف اس سے سردی کی شدت میں قدرے کمی محسوس کی گئی۔
سری نگر میں پیر کی صبح تک لگ بھگ پانچ انچ برف ریکارڈ کی گئی ، شمالی ، جنوبی اور وسطی کشمیر کے دور دراز علاقوں میں بھاری برف باری ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
وادی کے سیاحتی مقامات گلمرگ، پہلگام ، سونہ مرگ ، ٹنگہ مرگ میں پیر کی صبح تک دو سے تین فٹ تک برف جمع ہوئی تھی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کے بیشتر حصوں میں برف باری کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ گرمائی راجدھانی میں تین انچ سے زیادہ برف کھڑی ہوگئی ہے جبکہ دوردراز اور بالائی علاقوں میں دو سے چارفٹ برف جمع ہوگئی ہے۔
وادی کو بیرون دنیا سے جوڑنے والی سری نگر جموں قومی شاہراہ کو پیر کی صبح ہی ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا جبکہ سری نگر کے ہوائی اڈے پر پروازوں کی آواجاہی بری طرح سے متاثر ہوکر رہ گئی ہے۔
شدید برف باری کی وجہ سے شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان چلنے والی ریل خدمات کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق سری نگر جموں قومی شاہراہ کے علاوہ وادی کے درجنوں علاقوں کو ضلع صدر مقامات سے جوڑنے والی سڑکیں بند کردی گئی ہیں۔