راجوری// راجوری ضلع کے تتہ پانی کالاکوٹ میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین تصادم جاری ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں رینج مکیش سنگھ ، ایس ایس پی راجوری اور فوج کے سینئر آفیسران آپریشن کی از خود نگرانی کر رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹینٹ گھنے جنگلات میں چھپے بیٹھے ہیں جنہیں مار گرانے کی خاطر اضافی کمک کو روانہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پورے جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے لیا گیا ہے جبکہ ڈرون کیمروں کے ذریعے علاقے پر نظر گزر رکھی جارہی ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق ابتدائی فائرنگ میں نو پیرا کمانڈوز کے تین اہلکار زخمی ہوئے تاہم دفاعی ترجمان نے اسکی تصدیق نہیں کی۔
دفاعی ترجمان نے بتایا کہ راجوری کے کالاکوٹ جنگلی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین تصادم جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جنگلی علاقے میں دو سے تین ملی ٹینٹ چھپے ہو سکتے ہیں جنہیں کیفر کردار تک پہنچانے کی خاطر آپریشن کا دائرہ مزید کئی علاقوں تک وسیع کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیر کی شام سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین آمنا سامنا ہونے کے بعد علاقے میں خاموشی چھائی ہوئی ہے تاہم پولیس ، فوج اور سی آر پی ایف نے پورے جنگلی علاقے میں تین دائروں والی سیکورٹی تعینات کی ہے تاکہ ملی ٹینٹوں کو فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہ ہو سکے۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
کالاکوٹ تصادم: اے ڈی جی پی جموں اور فوج کے سینئر افسران نے آپریشن کا جائزہ لیا

File Image