ریاسی میں فارسٹ آفیسر اور گارڈ رشوت لیتے رنگوں ہاتھوں گرفتار

جموں// اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے ریاسی کے ٹھکرا کوٹ کے انچارج بلاک فاریسٹ آفیسر ست پال اور ریاسی کے بیٹ نرلا بمبل سے فارسٹ گارڈ ابنیت کمار کو گرفتار کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ گرفتاریاں ابنیت کمار کے خلاف درج شکایت کے بعد کی گئی ہیں، ابنیت پر ایک شخص کے خلاف شکایت واپس لینے کے لیے 22,000 روپے رشوت طلب کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اے سی بی کو رشوت کے الزامات کی تحقیقات کے دوران ثبوت ملے ہیں، جس کی بنا پر پولیس تھانہ اے سی بی راجوری میں ایف آئی آر نمبر 02/2023 درج کی گئی۔
ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑنے کے لیے ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی ، تاہم آپریشن کے دوران پتہ چلا کہ اس سازش میں بلاک فاریسٹ آفیسر ست پال بھی شامل ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ ابنیت کمار اور ست پال دونوں کو شکایت کنندہ سے 15ہزار روپے رشوت مانگتے اور قبول کرتے ہوئے پکڑا گیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، گرفتاریوں کے بعد پونی، ریاسی اور گوڑہ جاگیر، اکھنور میں واقع ملزمین کی رہائش گاہوں کی تلاشی لی گئی۔
اُنہوں نے بتایا کہ اے سی بی اب اس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔