بانڈی پورہ میں گرام سیوک رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار

عظمیٰ ویب ڈیسک

بانڈی پورہ// انسداد بدعنوانی بیورو (اے سی بی) نے پیر کے روز ایک گرام سیوک کو بانڈی پورہ ضلع میں پی ایم اے وائی-جی سکیم کے تحت جیو ٹیگنگ کرنے کے بدلے رشوت مانگنے اور قبول کرنے کے الزام میں گرفتار کیا۔
اے سی بی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق، “اینٹی کرپشن بیورو کو بلاک آرین ضلع بانڈی پورہ کے رہائشی عبدالرشید کی طرف سے شکایت موصول ہوئی، جس میں الزام لگایا گیا کہ محکمہ دیہی ترقی کا گرام سیوک (جی آر ایس) پی ایم اے وائی-جی سکیم کے تحت اس کے ذریعہ زیر تعمیر مکان کی جگہ کا پلنتھ ایریا جیو ٹیگ کرنے کے لیے اس سے 6000 روپے رشوت مانگ رہا ہے”۔

Follow Kashmir Uzma on WhatsApp
اے سی بی کے ترجمان نے کہا کہ شکایت کنندہ کی طرف سے یہ الزام لگایا گیا تھا کہ سال 2023 میں، پی ایم اے وائی-جی سکیم کے تحت اس کو ایک پکا گھر کی تعمیر کے لیے رقم کی منظوری دی گئی تھی جس کے لیے اسے محکمہ دیہی ترقی سے بینک اکاونٹ کے ذریعے 50,000 روپے کی ابتدائی قسط موصول ہوئی تھی۔ اس نے مزید بتایا کہ اس نے اس رقم سے گھر کا پلنتھ مکمل کیا اور مزید قسطوں کے لیے وہ کچھ دن پہلے بی ڈی او آفس آرین گیا جہاں حکام نے انھیں دوسری قسط کے اجراءکے لیے کیس کی مزید کارروائی کے لیے مذکورہ سائٹ کے جیو ٹیگ کی ضرورت کے بارے میں بتایا۔ اس کے مطابق، شکایت کنندہ کو بتایا گیا کہ متعلقہ جی آر ایس سائٹ کا دورہ کرے گا اور ضروری کام کرے گا”۔
ترجمان نے بتایا کہ شکایت کنندہ نے مزید انکشاف کیا کہ 21 اپریل 2024 کو جی آر ایس عبدالرشید نے سائٹ کا دورہ کیا اور شکایت کنندہ سے 10,000 روپے رشوت طلب کی لیکن آخر کار 6000 روپے میں سودا طے پایا۔ شکایت کنندہ سے 22 اپریل کو 2500 روپے ادا کئے اور باقی رقم دوسری قسط موصول ہونے کے بعد ادا کرنے کو کہا۔
اُنہوں نے بتایا، “ان حالات میں شکایت کنندہ نے اے سی بی سے رجوع کیا اور اس سے رشوت طلب کرنے پر جی آر ایس کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست کی۔ جیسا کہ شکایت کے مندرجات پہلی نظر میں ملزم کے ذریعہ پی سی ایکٹ 1988 کے سیکشن 7 کے تحت قابل سزا جرم کے کمیشن کا انکشاف کرتے ہیں، لہٰذا، پی سی ایکٹ 1988 کی دفعہ 7 کے تحت ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 05/2024 پولیس تھانہ، اینٹی کرپشن بیورو، بارہمولہ میں درج کیا گیا اور تحقیقات کا آغاز کیا گیا”۔
اے سی بی ترجمان نے بتایا، “تحقیقات کے دوران، ایک ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی جس نے ایک کامیاب جال بچھا کر ملزم جی آر ایس کو شکایت کنندہ سے 2500 کی رشوت مانگتے اور قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا”۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ملزم کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔ آزاد گواہوں کی موجودگی میں اس کے قبضے سے رشوت کی رقم بھی برآمد کر لی گئی۔
معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔