ڈوڈہ سڑک حادثے میں 3 درجن افراد جاں بحق، 19 دیگر زخمی

ڈوڈہ //ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ پر عسر کے نزدیک مسافروں سے لدی بس زیر نمبر Jk02CN655 حادثہ کا شکار ہوئی جس میں 3 درجن سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں اور 19 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ بس ڈوڈہ سے جموں کی طرف جارہی تھی جس دوران عسر کے نزدیک دوپہر ساڑھے بارہ بجے کے قریب ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 36 افراد جاں بحق و 19 زخمی ہوئے ہیں۔
اس دوران مقامی لوگ و پولیس سیکورٹی فورسز و سیول انتظامیہ نے وسیع پیمانے پر امدادی کاروائی شروع کی ہے. ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ہرویندر سنگھ و ایس ایس پی ڈوڈہ عبد القیوم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 36 کے قریب لوگ اس حادثہ میں اپنی جانیں گنوا چکے ہیں اور 19 افراد زخمی ہوئے ہیں. بتایا جاتا ہے کہ بس میں 55 افراد سوار تھے۔
واضح رہے کہ اسی مقام پر ایک سال قبل المناک حادثہ میں محکمہ تعمیرات عامہ کا سپرنٹنڈنٹ انجینئر، ایگزیکٹو انجینئر سمیت تعمیرات عامہ کے 5 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔

مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے یہ بھی کہا کہ زخمیوں کو لے جانے کے لیے ہیلی کاپٹر سروس کا انتظام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا، “زخمیوں کو ضرورت کے مطابق ضلع ہسپتال کشتواڑ اور جی ایم سی ڈوڈہ منتقل کیا جا رہا ہے۔ مزید زخمیوں کو منتقل کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر سروس کا انتظام کیا جائے گا۔ ہر ممکن مدد، جیسا کہ ضرورت ہے فراہم کی جا رہی ہے”۔