شیخ عبد اللہ کا یوم پیدائش: مزار پر نیشنل کانفرنس کی تقریب

سرینگر//نیشنل کانفرنس نے ہفتہ کو پارٹی کے بانی شیخ محمد عبد اللہ کے115ویں یوم پیدائش پر اُنہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ اس سلسلے میں شیخ کے مزار واقع نسیم باغ پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میںپارٹی صدر فاروق عبد اللہ کی قیادت میں کئی لیڈران و کارکنان نے شمولیت کی۔ فاروق کے علاوہ اُن کے بیٹے اور پارٹی کے نائب صدر عمر عبد اللہ،جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر،لوک سبھا ممبران حسنین مسعود اور محمد اکبر لون بھی تقریب میں موجود تھے۔ اس موقع پر چند صحافیوں کی جانب سے بد نظمی کے پیش نظر فاروق تاہم روایتی تقریر نہیں کرسکے ۔  

ویکسین کی منتظر دنیا میں ابھی تک کورونا سے 15.18 لاکھ اموات

واشنگٹن / ریو ڈی جنیرو / نئی دہلی//عالمی وبا کورونا وائرس کے ٹیکے کے انتظارکے درمیان اس وبا کی شروعات سے لے کر اب تک ساڑھے چھ کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں اور 15 لاکھ سے زیادہ کی جانیں جاچکی ہیں۔ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اور انجینئرنگ کے مرکز (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس نے اب تک دنیا بھر کے 191 ممالک میں 65850285 افراد کو متاثر اور1518977 افراد کو ہلاک کیا ہے۔ کورونا سے سب سے زیادہ متاثر امریکہ میں اب تک 1.43کروڑ سے زائد افراد متاثر اور279753مریض فوت ہوچکے ہیں۔  

مشکوک بیگ کی وجہ سے مینڈھر پونچھ میں سراسیمگی

سرینگر//ضلع پونچھ کے مینڈھرمیں ہفتہ کو اُس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب وہاں منی سیکریٹریٹ کے نزدیک ایک لاوارث مشکوک بیگ پایا گیا۔ نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق بیگ پر ہتھیاروں سے کراس کا نشان بنا تھا جس کے نیچے ’فخر کشمیر‘ تحریر تھا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم جائے مقام پر پہنچی اور بیگ کا جائزہ لینے کے بعد معلوم ہوا کہ اس کے اندر کچھ کپڑے،ذیابطیس کی ادویات،ایک بلڈ پریشر چیک کرنے کی مشین،اخروٹ اور مہندی کے دو پیک تھے۔ ایس ایچ او مینڈھر منظور کوہلی کے مطابق اس ضمن میں تحقیقات شروع کی گئی ہے اور بیگ کے مالک کا پتہ لگایا جارہا ہے۔  

ضلع پونچھ میں ایل او سی پر آر پار گولہ باری

جموں// جموں و کشمیر کی سرحدوں پر ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری کے تبادلے کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع پونچھ کے بالاکوٹ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر جمعہ کو قریب پونے بارہ بجے پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گولہ باری کر دی۔ انہوں نے بتایا کہ وہاں موجود بھارتی فوجی جوانوں نے حملے کا بھرپور جواب دیا تاہم فی الوقت کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔  

کشمیر میں 7 اور 8 دسمبر کو برف و باراں متوقع: محکمہ موسمیات

سری نگر// وادی کشمیر میں جمعہ کی شام بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کے بعد محکمہ موسمیات نے اگلے ہفتے مزید برف و باراں کی پیش گوئی کی ہے۔ متعلقہ محکمے کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں اگلے ہفتے کے آغاز سے ہی درمیانی درجے کی برف باری متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں 7 اور 8 دسمبر کو درمیانی درجے کی برف باری ہوسکتی ہے بعد ازاں تین دنوں تک موسم خشک رہنے کے بعد 12 اور 13 دسمبر کو دوبارہ برف باری متوقع ہے۔

کٹھوعہ میں بین الاقوامی سرحد پر ہند۔پاک افواج کے مابین فائرنگ کا تبادلہ

سرینگر//جموں کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں ہفتہ کو بین الاقوامی سرحد پر بھارت اور پاکستان کی فورسز کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا۔ حکام نے کہا کہ فائرنگ کا آغاز پاکستانی افواج نے کیا، یہ واقعہ گذشتہ رات کے دوران پیش آیا جس میں ہیرا نگر سیکٹر کے پنسر پوسٹ پر پاکستانی افواج نے گولیوں چلائیں جس کا بارڈر سیکورٹی فورسز نے ”موثر“ جواب دیا۔ حکام کے مطابق آر پار فائرنگ کا سلسلہ آج صبح تک جاری رہا تاہم اس سے کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ حکام کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی افواج نے آج صبح گرنام اور کیرول پوسٹوں کو بھی نشانہ بنایا۔  

ملک میں کورونا وائرس کے 36652نئے معاملے،512تازہ اموات

نئی دہلی//صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے ہفتے کے روز جاری اعداد و شمار کے مطابق، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 36652 نئے معاملے سامنے آئے ہیں، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد 96.08 لاکھ ہوگئی ہے۔  اس دوران 42533 مریض صحتمند ہوئے اور اسی کے ساتھ ری کوری کی شرح 94.28 فیصد ہوگئی۔  نئے سرگرم معاملوں کے مقابلے کورونا سے نجات پانے والوں کی تعداد زیادہ رہنے سے سرگرم معاموں میں 6393 کی کمی واقع ہوئی ہے اور ان کی تعداد کم ہوکر 409689 رہ گئی ہے۔  اسی عرصے میں 512 مزید مریضوں کی اموات کے ساتھ تعداد اموات بڑھ کر 139700 ہوگئی ہے اور اموات کی شرح اب بھی 1.45 فیصد ہے۔

تازہ برفباری کے بعد گریز روڑ گاڑیوں کی آمد و رفت کیلئے بند

سرینگر//شمالی کشمیر میں بانڈی پورہ۔گریز روڑ کو ہفتے کی صبح اُس وقت گاڑیوں کی آمد و رفت کیلئے بند کیا گیا جب علاقے میں تازہ برفباری ہوئی۔ بارڈر روڑس آرگنائزیشن حکام کے مطابق مذکورہ روڑ پر برفباری کا سلسلہ جاری تھا جس کے پیش نظر اس کو نقل و حمل کیلئے بند کیا گیا۔ گریز کے داور تحصیل میں اطلاعات کے مطابق چھ انچ تازہ برف جمع ہوئی ہے ۔علاقے میں برف ہٹانے کی مشینیں کام پر لگائی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق رازدان درے پر گریز سے دوگنا برف جمع ہوئی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ 86کلو میٹر طویل روڑ کو پچھلی برفباری کے بعد حال ہی میں گاڑیوں کیلئے کھولا گیا تھا۔  

دراس، منی مرگ، سونہ مرگ اور زوجیلا میں تازہ برفباری کے بعد سرینگر۔ لیہ شاہراہ بند

کنگن//دراس، منی مرگ، سونہ مرگ اور زوجیلا میں تازہ برفباری کے بعد 434کلو میٹر سرینگر ۔لیہ شاہراہ کو ہفتے کے روز احتیاطی طور پر آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا ۔  کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق گذشتہ رات دراس، منی مرگ، سونہ مرگ اور زوجیلا میں تازہ برفباری ہوئی جس کے نتیجے میں سرینگر۔ لیہ شاہراہ پر گاڑیوں کی نقل و حمل نا ممکن بن گئی۔  ذرائع نے بتایا کہ صبح سے ہی شاہراہ کے دونوں طرف پروجیکٹ وجیک اور باڈر روڈ آرگنائزیشن نے شاہراہ سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا ہے۔  

تازہ ترین