تازہ ترین

برطانیہ میں فائزر/ بائیوٹیک کوکورونا ویکسین کے عارضی استعمال کی منظوری

لندن// برطانیہ نے بدھ کو فائزر اوربائیو ٹیک نامی دوا ساز کمپنیوں کی کورونا ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی عبوری منظوری دے دی اور اس کے ساتھ ہی وہ اس طرح کی اجازت دینے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ فارمااسٹیکل کمپنی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ فائزر اور بائیوٹیک کو آنے والے دنوں اور ہفتوں میں پوری دنیا میں اس سلسلے میں باقاعدہ فیصلوں کی امید ہے اور وہ ممکنہ باقاعدہ منظوری اوراس کے بعد ویکسین کی خوراک دینے کے لئے تیار ہے۔  

دنیامیں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 14 لاکھ 85 ہزار سے متجاوز

جنیوا// دنیا بھر میں مہلک ترین اور جان لیوا عالمی وبا کوروناوائرس ’کووڈ19‘ سے مرنے والوں کی تعداد 14لاکھ 85 ہزار سے اور اور 6 کروڑ 41 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ دنیا بھر کورونا وائرس سے سب سے زیادہمتاثر امریکہ ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ڈھائی ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئیں ہیں اور پونے دو لاکھ مریض سامنے آئے۔ اٹلی میں تقریباً آٹھ سو، برطانیہ میں600 اور فرانس میں 450 سو سے زائد ہلاکتیں ہوئیں ہیں۔  

بالی ووڈاداکاراوررکن پارلیمان سنی دیول کورونا مثبت

نئی دہلی// بالی ووڈ اداکاراور گورداس پورحلقہ سے رکن پارلیمنٹ سنی دیول کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔  دیول نے خود سوشل میڈیا پر اس بات کی اطلاع دی۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ وہ ’سیلف آئسو لیشن‘ میں ہیں اورفی الحال بہترمحسوس کررہے ہیں۔ رکن پارلیمنٹ نے ان لوگوں سے کورونا ٹیسٹ کرانے کی اپیل کی ہے جو گزشتہ کچھ دنوں کے رابطے میں آئے ہیں۔  

کشمیر میں موسم خشک لیکن درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج

سری نگر// وادی کشمیر میں شدید سردیوں کے لئے مشہور چالیس روزہ 'چلہ کلان' کے آغاز سے قبل ہی درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے سے سردیوں کی شدت روز افزوں زور پکڑ رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کی وجہ سے گذشتہ شب درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہوا جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں پانچ دسمبر تک مطلع صاف رہنے کی توقع ہے اور اس کے بعد برف و باراں کا ایک اور مرحلہ متوقع ہے۔  

ملک میں 36604 نئے کورنا کیس،متاثرین کی تعداد بڑھ کر9499413

نئی دہلی// ملک میں جان لیوا اور مہلک ترین کورونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافے سے اس کی شرح بڑھ کر 94 فیصد سے زیادہ ہوگئی ،جبکہ فعال کیسز کی شرح بھی ساڑھے چار فیصد رہ گئی۔ مسلسل تیسرے دن بھی کورونا وائرس کے کیسز 40 ہزاربھی سے کم رہے۔  مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران36604 کیسز رپورٹ ہوئے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد9499413 ہوگئی۔ اسی مدت کے دوران43062 مریضوں نے جان لیوا وبا کو شکست دی .  اسی عرصے میں مزید 501 مریضوں کی ہلاکت کے ساتھ اموات کی تعداد بڑھ کر138122 ہوگئی۔  

وسطی ضلع بڈگام میں گذشتہ شام سے لاپتہ کمسن بچے کی لاش بر آمد

سرینگر//وسطی ضلع بڈگام کے چیو ڈارا گاوں میں گذشتہ شام جو تین سالہ بچہ لاپتہ ہوا تھا، بدھ کو اُس کی لاش بر آمد ہوگئی۔ نیوز ایجنسی کے این او کے مطابق مذکورہ کمسن بچہ اپنے گھر سے گذشتہ شام لاپتہ ہوا تھا اور تب سے اُس کے گھر والے اس کی تلاش میں تھے۔ اطلاعات کے مطابق تلاش کے دوران آج صبح مذکورہ بچے کی لاش چیوڈارا گاوں میں ہی بر آمد ہوئی۔ پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے کے این او نے لکھا ہے کہ بچے کے لاپتہ اور موت واقع ہونے کے ضمن میں تفصیلات جمع کرکے تحقیقات شروع کی جارہی ہے۔

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری

نئی دہلی// آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے بدھ کے روز پٹرول کی قیمتوں میں 15 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 25 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا ہے۔ آج دہلی میں پٹرول کی قیمت میں 15 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 23 پیسے فی لیٹرکے اضافہ سے دونوں ایندھن کی قیمتیں بالترتیب 82.49 روپے اور72.65 روپے ہوگئیں۔ ممبئی میں پٹرول 14 پیسے کے اضافے سے 89.16 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 25 پیسے اضافے کے ساتھ 79.22 روپے فی لیٹر ہوگیا۔ کولکتہ میں پٹرول کی قیمت میں 15 پیسے کے اضافے سے 84.02 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 23 پیسے کے اضافے کے بعد 76.22 روپے فی لیٹر ہوگئی۔ چنئی میں بھی پٹرول ڈیزل کے داموں میں اضافہ کیا گیاہے جہاں پٹرول کی قیمت 13 پیسے کے اضافے سے 85.44 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 22 پیسے کے اضافے سے 78.06 روپے فی لیٹر ہوگئی۔