تازہ ترین

کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد کورونا وائرس میں مبتلا

سرینگر//راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر غلام نبی آزاد کا جمعہ کے روز کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت ظاہر ہوا جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر کے اندر قرنطین کرلیا۔ کانگریس کے71سالہ لیڈرنے خود یہ اطلاع سوشل میڈیا پر فراہم کی۔ انہوں نے اپنے ساتھ رابطے میں آنے والوں کو ٹیسٹ کرنے اور قرنطین ہونے کی صلاح بھی دی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل کانگریس کے ہی احمد پٹیل،موتی لال ووہرا اور ابھیشیک سانگھوی کے کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آئے تھے۔ سانگھوی صحتیاب ہوگئے جبکہ دوسرے لیڈران کا علاج جاری ہے۔  

چاڈورہ معرکہ آرائی کے دوران جنگجو کو زندہ پکڑا گیا،آپریشن ختم

سرینگر//سیکورٹی فورسز نے وسطی کشمیر کے چاڈورہ علاقے میں جمعہ کے روز جنگجوﺅں کے ساتھ معرکہ آرائی کے دوران ایک جنگجو کو زندہ پکڑ لیا۔مذکورہ جنگجو سے ایک اے کے47بندوق بھی بر آمد کی گئی۔ پولیس کے مطابق جنگجوﺅں نے آج صبح چاڈورہ میں فورسز پارٹی پر گولیاں چلاکر حملہ کیا جس کے بعد وہاں باضابطہ معرکہ آرائی شروع ہوگئی۔گولیوں کے ابتدائی تبادلے کے بعد خاموشی چھاگئی تاہم فورسز نے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کیا جس کے دوران ایک جنگجو کو زندہ حالت میں پکڑکر اُس کی تحویل سے ایک اے کے47قسم کی بندوق بر آمد کی گئی۔پولیس کے مطابق مذکورہ جنگجو کی گرفتاری کے بعد چاڈورہ آپریشن ختم ہوا۔ گرفتار جنگجو کی شناخت تاہم فوری طور پر نہیں کی گئی۔ ذرائع کے مطابق معرکہ آرائی کے آغاز میں ہی ضلع بڈگام میں انٹر نیٹ سروس معطل کی گئی تھی جسے بحال کیا گیا ہے۔  

ملک میں 7370478 کورونامتاثرین ، ہلاکتوں کی تعدادایک لاکھ 12ہزارسے متجاوز

نئی دہلی// کورونا وائرس کی زد میں آئے مریضوں کی جانچ میں تیزی اور مناسب علاج کی وجہ سے وائرس کے شکار متاثرین کی تعداد لگاتار بڑھتی جارہی ہے جس سے اب تک کے 73.70 لاکھ سے زائد کیسز کے مقابلے میں فعال کیسز کم ہوکر آٹھ لاکھ رہ گئے ہیں۔ مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے جمعہ کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 70348کورونا متاثرین شفایاب ہوئے جس سے ملک میں شفایاب ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد6453789 ہوچکی ہے۔ اسی مدت میں مزید 63371نئے کیسز کے رپورٹ ہونے سے متاثرین کی مجموعی تعداد7370478 ہو گئی۔  

ضلع پونچھ میں کراس ایل او سی گولہ باری

جموں// جموں کے ضلع پونچھ کے منکوٹ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر جمعہ کی صبح ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا تاہم فی الوقت کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ایک دفاعی ترجمان نے کہا کہ راجوری کے منکوٹ سیکٹر میں ایل او سی پر جمعے کی صبح پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی چوکیوں پر شدید گولہ باری شروع کر دی۔ انہوں نے کہا کہ وہاں تعینات بھارتی فوجی جوانوں نے حملے کا بھر پور جواب دیا تاہم فی الوقت کسی بھی جانب کسی جانی یا بھاری مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔  

سری نگر۔ جموں شاہراہ پر ٹریفک معطل

سری نگر// وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلو میٹر طویل سری نگر – جموں شاہراہ پر مرمتی کام کی وجہ سے جمعہ کو ٹریفک کی نقل وحمل معطل ہے۔ تاہم تاریخی مغل روڈ اور سری نگر – لیہہ شاہراہ پر ٹریفک حسب معمول جاری رہا۔ یاد رہے کہ جموں و کشمیر ٹریفک پولیس کی طرف سے جاری ایک حالیہ ایڈوائزری کے مطابق سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر 16 اکتوبر سے 30 نومبر کے درمیان آنے والے تمام جمعوں کو ٹریفک کی نقل و حمل پر مرمتی کام کی وجہ سے پابندیاں رہیں گی۔  

پاکستان میں 2 جنگجویانہ حملوں میں 20 سکیورٹی اہلکار جاں بحق

اسلام آباد//پاکستان کے مغربی حصے میں دو الگ جنگجوانہ حملوں میں کم از کم 20 سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ پاکستان کے روزنامہ ’ایکسپریس ٹربیون‘ نے ایک رپورٹ میں یہ اطلاع دی۔ رپورٹ کے مطابق پہلا حملہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع گوادر میں جبکہ دوسرا حملہ صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں ہوا۔ شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں ایک آئی ای ڈی پھٹا ، جس میں ایک افسر سمیت 6 سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔جبکہ جنگجوﺅں نے بلوچستان کے قصبے اوراومارہ میں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے قافلے پر حملہ کیا جس میں 14 سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیاہے۔  

وسطی کشمیر کے چاڈورہ میں جنگجوﺅں اور فورسز کے مابین مسلح تصادم

سرینگر//وسطی کشمیر میں ضلع بڈگام کے چاڈورہ علاقے میں جمعہ کو جنگجوﺅں اور فورسز کے مابین مسلح معرکہ آرائی شروع ہوگئی۔ نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق جنگجوﺅں اور فورسز کے مابین گولیوں کا تبادلہ جاری ہے۔ ذرائع نے کہا کہ طرفین میں گولیوں کے تبادلے کے ساتھ ہی فورسز نے علاقے کو سیل کردیا۔ تفصیلات کا انتظار ہے  

بانڈی پورہ میں سی آر پی ایف اہلکار سڑک حادثے میں ہلاک، تین زخمی

سرینگر//شمالی ضلع بانڈی پورہ میں جمعہ کے روزاُس وقت سی آر پی ایف کا ایک اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے جب اُن کی گاڑی، جس میں وہ سوار تھے کو نسو علاقے میں حادثہ پیش آیا۔ نیوز ایجنسی کے این او کے مطابق سی آر پی ایف کی 3بٹالین سے وابستہ گاڑی سڑک سے لڑھک گئی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک اور تین خمی ہوگئے۔ زخمی اہلکاروں کو علاج و معالجہ کیلئے ضلع اسپتال بانڈی پورہ لیجایا گیا۔ ہلاک شدہ اہلکار کی شناخت نریش کمار جبکہ زخمی اہلکاروں کی شناخت روی راج،انکت کمار اور ونود کمار کے طور ہوئی ہے۔  

بڈگام ضلع سے لاپتہ فورسز اہلکار راجوری میں گرفتار

سرینگر//پولیس نے جمعہ کے روز کہا کہ وسطی ضلع بڈگام کے چاڈورہ علاقے سے گذشتہ روز جو ایس ایس بی اہلکار لاپتہ ہوا تھا اُسے راجوری میں چند گولیوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق راجوری کے منجکوٹ علاقے میں ایک ٹرک کو تلاشی کیلئے روکا گیا۔ یہ ٹرک مغل روڑ سے راجوری کی طرف جارہی تھی اور اس سے مذکورہ فورسز اہلکار کو بر آمد کرکے گرفتار کیا گیا۔اُس کی تحویل سے انساس بندوق کی کچھ گولیاں بھی بر آمد کی گئیں۔ الطاف حسین نامی یہ فورسز اہلکار کوترانکا راجوری کا شہری ہے اور بتایا جاتا ہے کہ وہ کچھ گھریلو مسائل میں مبتلاءہے۔ ذرائع نے کہا کہ مذکورہ اہلکار کو بڈگام پولیس کے حوالے کیا جائے گا جہاں اُس سے پوچھ تاچھ ہوگی۔