تازہ ترین

وسطی کشمیر کے چرار شریف میں معرکہ آرائی کا آغاز

سرینگر//وسطی کشمیر میں بڈگام ضلع کے چرار شریف علاقے میں پیر کی شام فورسز اور جنگجوﺅں کے مابین مسلح معرکہ آرائی شروع ہوگئی۔پولیس نے معرکہ آرائی شروع ہونے کی تصدیق کی۔ ذرائع کے مطابق پولیس، سی آر پی ایف اور فوج نے مشترکہ طور چرار شریف میں تلاشی آپریشن شروع کیا اور جب فورسز اہلکار گھر گھر تلاشی میں مصروف تھے تو چھپے جنگجوﺅں نے اُن پر گولیاں چلائیں۔فورسز نے جواب میں گولیاں چلائیں اور اس طرح معرکہ آرائی کا آغاز ہوگیا۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں گولیوں کا تبادلہ جاری تھا  

وادی میں473اور جموں صوبے میں563نئے کورونا کیس،تعداد65026

سرینگر//جموں کشمیر میں پیر کے روز کورونا متاثرین میں1036کا اضافہ ہوا اور اس طرح مرکز کے زیر انتظام علاقے میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد65026تک بڑھ گئی۔ نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق آج وادی کشمیر میں473جبکہ جموں صوبے میں563کیس سامنے آئے ۔ اعداد شمار کے مطابق آج سرینگر میں141،بڈگام میں60،بارہمولہ میں79،پلوامہ میں54،اننت ناگ میں36،بانڈی پورہ میں22،کپوارہ میں 14،گاندر بل میں56،کولگام میں5،شوپیان میں6،جموں ضلع میں245،راجوری میں66،اُدھمپور میں30،کٹھوعہ میں34،ڈوڈہ میں59،سانبہ میں57،پونچھ میں24،رام بن میں15،ریاسی میں26اور کشتواڑ میں7کورونا کیس سامنے آئے۔

شمالی کشمیر کے کپوارہ میں آٹھ سالہ بچی جھولے میں لٹک کر لقمہ اجل

سرینگر//شمالی کشمیر کے کپوارہ میںپیر کے روز ایک آٹھ سالہ بچی جھولے میں گلے سے لٹک کر لقمہ اجل بن گئی۔یہ واقعہ ضلع کے نوبگ چھمپورہ علاقے میں پیش آیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق معصوم بچی کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال پہنچایا گیا جہاں اُسے مردہ قرار دیا گیا۔بعد ازاں ضلع اسپتال کپوارہ میں بچی کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا۔  جاں بحق بچی کی شناخت انجم اسماعیل دختر محمد اسماعیل مغل ساکن نوبگ چھمپورہ کے طور کی گئی ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔  

سرینگر میں پارٹی صدر دفتر پرپی ڈی پی کے سینئر لیڈران کی میٹنگ

سرینگر//پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے سینئر لیڈران نے پیر کے روز سرینگر میں میٹنگ منعقد کی جو جموں کشمیر کی خصوصی پوزیشن کے خاتمے کے بعد مذکورہ لیڈران کی پہلی میٹنگ تھی۔ میٹنگ کی صدارت پارٹی کے نائب صدر عبد الرحمان ویری نے انجام دی کیونکہ پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی گذشتہ سال سے ایام اسیری کاٹ رہی ہیں۔ پارٹی ترجمان کے مطابق میٹنگ میں سابق وزراءاور قانون سازیہ کے ممبران نے شرکت کی۔ گذشتہ برس ماہ اگست میں جموں کشمیر کی خصوصی پوزیشن کا خاتمہ کیا گیا جس کے بعد متعدد مین اسٹریم لیڈران کو گرفتار کیا گیا۔بعد ازاں سبھی لیڈران کی رہائی عمل میں لائی گئی تاہم محبوبہ لگاتار پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت اپنی سرکاری رہائش گاہ میں مقید ہے۔  

ملک میں 86961نئے کورونا وائرس کیس،1130کی موت

نئی دہلی// ملک میں کوروناوائرس کومات دینے والوں کی تعداد لگاتار تیسرے روز نئے کیسوں سے زائد رہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے 93 ہزار سے زیادہ مریض شفایاب ہوئے۔مجموعی طور پر ملک میں جان لیوا وبا سے صحت مند ہونے والوں کی تعداد تقریبا 44 لاکھ ہوچکی ہے۔ مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے پیر کو جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 93356 مریض شفایاب جس سے مجموعی تعداد4396399 ہوگئی ہے۔ اسی عرصے کے دوران86961 نئے کیس رپورٹ ہونے سے متاثرین کی مجموعی تعداد 5487580 اور 1130 مریضوں کی موت سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 87882 ہوچکی ہے۔  

راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے 8 ممبران معطل

نئی دہلی// حزب اختلاف کے 8 ممبران کو پیر کے روزایوان بالاراجیہ سبھا میں” غیر مہذہب رویہ“ اختیار کرنے کی پاداش میں سیشن کی بقیہ مدت کے لئے معطل کردیا گیا۔ چیئرمین ایم ونکیا نائیڈو نے وقفہ صفر کے بعد ترنمول کانگریس(ٹی ایم سی) کے ڈیرک او برائن اور ڈولا سین ، کانگریس کے سید ناصر حسین،رپون بورا،راجیو ستو،عام آدمی پارٹی کے سنجے سنگھ ، مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے ،کے کے راگیش اور ہندوستان کی کمیونسٹ پارٹی کے ایلامارم کریم کو رواں سیشن کی بقیہ مدت کے لئے معطلی کا اعلان کیا۔  نائیڈو نے کہا” معطل ممبران ایوان کی کارروائی کا حصہ نہیں بنیں گے اور وہ ایوان سے باہر چلے جائیں“۔  

نوگام سرینگر میں سی آر پی ایف پارٹی پر جنگجوﺅں کی فائرنگ

سرینگر//مشتبہ جنگجوﺅں نے پیر کی صبح سرینگر کے نوگام علاقے میں سی آر پی ایف کی ایک پارٹی پر گولیاں چلائیں جس سے علاقے میں سراسیمگی پھیل گئی۔ نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق110بٹالین سے وابستہ سی آر پی ایف کی ایک پارٹی پر گولیاں چلائی گئیں تاہم اس واقعہ میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ واقعہ کے فوراً بعد فورسز کی اضافی کمک نے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا تاکہ حملہ آوروں کو پکڑا جاسکے۔  

تازہ ترین