تازہ ترین

جموں کشمیر میں کوئی نئی کورونا ہلاکت نہیں،88کیس

سرینگر//جموں کشمیر میں گذشتہ24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کا کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا۔ یہ گذشتہ کئی مہینوں سے پہلا موقع ہے جب یہاں کوئی کورونا ہلاکت نہیں ہوئی۔ حکام نے سنیچر کو تاہم بتایا کہ گذشتہ شام سے یو ٹی میں88نئے کورونا کیس سامنے آئے جن میں27کیس صرف سرینگر ضلع میں ظاہر ہوئے۔ حکام کے مطابق نئے کورونا کیسوں میں 55کا تعلق وادی کشمیر جبکہ33کا تعلق جموں صوبہ سے ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق جموں کشمیر میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 320491 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اس وبا سے ابھی تک4374افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھوئے بیٹھے ہیں۔

سری نگر میں ’ویک اینڈ‘ لاک ڈاون سے معمولات زندگی متاثر

سری نگر// سری نگر میں ہفتے کے رو ’ویک اینڈ‘ لاک ڈاون نافذ رہنے سے معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئے۔ یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے عید الاضحی کے پیش نظر ’ویک اینڈ‘ لاک ڈاون کو منسوخ کیا گیا تھا تاکہ لوگ عید خریداری کر سکیں۔ آج شہر میں ایک بار پھر ’ویک اینڈ‘ لاک ڈاون نافذ رہا جس کے باعث بازاروں میں تمام دکان بند رہے تاہم سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل جزوی طور پر جاری رہی۔  

ملک میں کورونا وائرس کے 39 ہزار نئے کیس،546ہلاکتیں

نئی دہلی// ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 39097 نئے کیس سامنے آئے ہیں اور اس وبا سے 546 افراد کی مو ت ہو گئی ہے۔ دریں اثنا جمعہ کے روز42 لاکھ 67 ہزار 799 افراد کو کوروناکے ٹیکے لگائے گئے۔ ملک میں اب تک 42 کروڑ 78 لاکھ 82 ہزار 261 افراد کو ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے ہفتہ کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 39097 نئے کیس سامنے آنے کے ساتھ ہی متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر تین کروڑ 13 لاکھ 32 ہزار 159 ہوگئی ہے۔ اس دوران 35087 مریضوں کے صحتیاب ہونے سے اس وبا کو شکست دینے والوں کی مجموعی تعداد تین کروڑ پانچ لاکھ تین ہزار 166 ہوگئی ہے۔ ایکٹو کیسز 3464 بڑھ کر چار لاکھ آٹھ ہزار 977 ہوگئے ہیں۔ اسی دوران 546 مریضوں کی موت ہونے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر چار لاکھ 20 ہزار 016 ہوگئی ہے۔ ملک میں ایکٹو کیسز کی شرح 1.31 فیصد

جعلی گن لائسنس کیس؛22مقامات پر سی بی آئی کے چھاپے

سری نگر // مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے جعلی گن لائسنس کیس کے سلسلے میں سنیچر کوکشمیر کی 12 جگہوںسمیت جموں و کشمیر کے 22 مقامات پر چھاپے مارے۔ نیوز ایجنسی کے این او نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ سی بی آئی اہلکاروں نے جموں و کشمیر میں 22 مقامات پر وسیع پیمانے پر چھاپے مارے جن میں کشمیر میں 12 اور جموں خطے میں 10 مقامات شامل ہیں۔  جعلی گن لائسنس کیس 2018 میں سی بی آئی کے حوالے کیا گیا تھا۔ اے ٹی ایس کا کہنا تھا کہ ادھم پور ، ڈوڈہ ، رام بن اور کپوارہ اضلاع میں غیر مقامی باشندوں کو جعلی دستاویزات پر 40000 جعلی گن لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا تھا کہ ایک آئی اے ایس افسر نے غیر مقامی باشندوں کو اس وقت بڑی تعداد میں جعلی گن لائسنس جاری کیے تھے جب وہایک ضلع کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) تھے۔

بانڈی پورہ معرکہ آرائی؛ 3فوجی اہلکار زخمی، آپریشن جاری

سرینگر//شمالی ضلع بانڈی پورہ کے جنگلی علاقے میں ہفتے کی صبح سے جنگجوﺅں اور فورسز کے مابین جاری معرکہ آرائی کے دوران تین فوجی اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ مذکورہ معرکہ آرائی میں پولیس کے مطابق پہلے ہی دو عدم شناخت جنگجو جاں بحق ہوگئے ہیں۔ نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق جنگجوﺅں اور فورسز کے مابین جاری گولی باری کے نتیجے میں تین فوجی اہلکاروں کو گولیاں لگ گئیں جنہیں علاج کیلئے وہاں سے منتقل کیا گیا۔ یہ معرکہ آرائی آج صبح اس وقت شروع ہوگئی جب فورسز نے سمبلر علاقے میں شوق بابا جنگل کا محاصرہ کیا اور تلاشی آپریشن شروع کیا۔ پولیس نے کہا کہ فورسز کا جنگجو مخالف آپریشن جاری ہے۔اس آپریشن میں پولیس کے علاوہ فوج اور سی آر پی اف اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔  

ضلع پونچھ کے مختلف علاقوں میں فورسز کی تلاشی مہم

 پونچھ //ضلع پونچھ میں سنیچر کوایس او جی اور فوج کی جانب سے مختلف علاقوں میں تلاشی مہم چلائی جا رہی ہے۔  ڈی وایی ایس پی اوپریشنز منیش شرما کے مطابق آج صبح سے پونچھ کے علاقہ کھنیتر ٹاپ اور کھنیتر میں مشکوک نقل و حرکت کی اطلاعات کے بعد فوج اور پونچھ ایس او جی کی طرف سے تلاشی مہم شروع کی گئی ہے جوآخری اطلاعات ملنے تک جاری تھی۔  

بانڈی پورہ معرکہ آرائی کے دوران2جنگجو جاں بحق :پولیس

سرینگر//شمالی ضلع بانڈی پورہ کے جنگلی علاقے میں ہفتے کی صبح جنگجوﺅں اور فورسز کے مابین معرکہ آرائی کے دوران دو جنگجو جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے ایک ٹویٹ کرتے ہوئے اس بات کی اطلاع دی کہ جاری فورسز آپریشن کے دوران دو عدم شناخت جنگجو جاں بحق ہوگئے ہیں۔ یہ معرکہ آرائی آج صبح اس وقت شروع ہوگئی جب فورسز نے سمبلر علاقے میں شوق بابا جنگل کا محاصرہ کیا اور تلاشی آپریشن شروع کیا۔ پولیس نے کہا کہ فورسز کا جنگجو مخالف آپریشن جاری ہے۔  

پونچھ میں ایل او سی کے نزدیک بارودی دھماکہ،فوجی اہلکار ہلاک، دوسرا زخمی

سرینگر//ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک ایک بارودی دھماکے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ یہ واقعہ ضلع کے کرشنا گھاٹی سیکٹرمیں پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق دھماکہ ایل او سی پر قائم فوج کی ایک اگلی چوکی کے نزدیک ہوا جس کی زد میں آکر ایک فوجی اہلکار ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ ایل او سی پر چونکہ فوج نے زیر زمین باردی سرنگیں نصب کر رکھی ہیں اس لئے وہاں ایسے حادثے ہوتے رہتے ہیں۔