’ نوجوانوں کی ہنر مندی کو فروغ دینے کیلئے تمام امکانات تلاش کریں‘

مشن ڈائریکٹر ،اٹل انوویشن مشن ، ڈی ڈی سی چیئرپرسن ، جموںچیمبرسمیت متعدد وفود لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقی

تاریخ    9 دسمبر 2021 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
جموں// مشن ڈائریکٹر ، اٹل انوویشن مشن اور ایڈیشنل سیکرٹری نیتی آیوگ ڈاکٹر چنتن وشنو ، ڈی ڈی سی چیئرپرسن رام بن ڈاکٹر شمشاد شان اور چیمبر آف کامرس اینڈ اِنڈسٹری جموں کے وفد نے آج یہاں راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی۔ مشن ڈائریکٹر اے آئی ایم نے لیفٹیننٹ گورنر کو مشن کے مختلف پہلوئوں کے بارے میں جانکاری دی جو نیتی آیو گ ( جی او آئی) کا ایک اہم اقدام ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ مشن کا مقصد ہندوستان بھر کے نوجوانوں میں اختراعی اور کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے جس میں اٹل ٹنکرنگ لیبارٹری پروگرام بھی شامل ہے جس کا مقصد چھٹی سے بارہویں جماعت کے سکولی بچوں کے لئے نوجوانوں کے ذہنوں میں تجسس ، تخلیقی صلاحیتوں اور تخیل کو فروغ دینا ہے ۔ نیشنل اِنسٹی چیوٹ آف الیکٹرانِکس اینڈ اِنفارمیشن ٹیکنالوجی ( سری نگر / جموں ) کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایس ایچ دیپک وسن نے بھی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور جے کے بی او ایس اِی کے نصاب میں این آئی اِی ایل آئی ٹی کے مختلف ہنر پر مبنی کورسوں اور جموں وکشمیر کی یونیورسٹیوں میں متعارف کرانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔اُنہوں نے اِن کورسوں کے بارے میں بریف کیا جن کا اِنتخاب طلاب چھٹی جماعت سے لے کر گریجویشن تک کر سکتے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مشن ڈائریکٹر اے آئی ایم اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر این آئی ای ایل آئی ٹی کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے اُن پر زور دیا کہ وہ جموںوکشمیر کے نوجوانوں کی ہنر مندی کو فروغ دینے کے لئے تمام اِمکانات تلاش کریں۔ اُنہوں نے انہیں یوٹی اِنتظامیہ کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ بعد میں ڈی ڈی سی چیئرپرسن رام بن ڈاکٹر شمشاد شاد نے بھی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور ضلع رام بن کے عوامی اہمیت کے دیگر مسائل کے علاوہ صحت اور تعلیمی شعبوں سے متعلق مختلف مسائل گوش گزار کئے۔ اِسی طرح چیمبر آف کامرس اینڈ اِنڈسٹری جموں کے ایک وفد نے اِس کے صدر ارون گپتا کی قیادت میں لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور انہیں جے ڈی اے کی طرف سے نئی تجارتی اور رہائشی جگہوں کی تعمیر ، معیاد ختم ہونے والی لیز میں توسیع سے متعلق مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے ایک میمورنڈم پیش کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے وفودکی طرف سے پیش کئے گئے مسائل بغور سنا اور اُنہیں تمام جائز مسائل کے ازالے کا یقین دِلایا۔ اِس دوران سینٹرل یونیورسٹی جموں کے وائس چانسلر پروفیسر سنجیو جین نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور انہیں یونیورسٹی کے کام کاج کے بارے میں جانکاری دی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے وائس چانسلر سے کہا کہ وہ سینٹرل یونیورسٹی کی تعلیمی کامیابیوں ، غیر نصابی سرگرمیوں اور اِنتظامی کام کاج کے اعلیٰ معیار کو برقرارر کھیں۔
 
 

 شری گورو تیغ بہادر جی کو خراجِ عقیدت پیش کیا

جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے گورو تیغ بہادر جی کو ان کے یوم شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کیا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ضمیر کی آزادی کے اَصول کو برقرار رکھنے کے لئے گورو جی کی قربانی اور ایک جامع اور ہم آہنگ معاشرے کے قیام کے لئے ان کا وژن اب تک اِنسانیت کے لئے رہنما فلسفہ رہے گا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ یہ اہم موقعہ ہم سب کو گورو کی تعلیمات اور عظیم قربانی کی یاد دِلاتا ہے ۔ وہ عالمگیر بھائی چارے ، اَمن اور اہم آہنگی کے مجسم پیکر تھے ۔ ان کی زندگی اور تعلیمات تما م شہریوں کے لئے مشعل راہ ہیں۔تحریک کا ذریعہ ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اِنسانیت خیر خواہی اور رواداری کے اعلیٰ نظریات پر عمل کریں۔اُنہوں نے کہا ،’’ اِس مقدس دِن پر ہمیںقربانی کے جذبے کو دوبارہ زندہ کرنا چاہیئے اور اِجتماعی بھلائی ، اِنفرادی زندگیوں کو بہتر بنانے اور معاشرے میں زیادہ ہم آہنگی اور ہمدردی کے حصول کے لئے جدوجہد کرنے کا عزم کرنا چا ہیئے۔‘‘
 

تازہ ترین