ایشز کرکٹ ٹیسٹ میچ | کمنس کی عمدہ گیندبازی، انگلینڈ 147 پر ڈھیر

تاریخ    9 دسمبر 2021 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
برسبین//کپتان اور تیز گیند باز پیٹ کمنس کے 38 رن پر پانچ وکٹ لینے کی تاریخی کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا نے انگلینڈ کو پہلے ایشز کرکٹ ٹیسٹ میچ کے بارش سے متاثرہ پہلے دن بدھ کو50.1 اوور میں محض 147 رنز پر ڈھیر کردیا۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا لیکن اس کا ا?غاز انتہائی خراب رہا اورمیچ کی پہلی گیند پر مچل اسٹارک نے روری برنس کو بولڈ کردیا۔ ڈیوڈ ملان صرف چھ رنز بنا کر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر وکٹ کیپر ایلکس کیری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ کپتان جو روٹ نو گیندوں میں کھاتہ کھولے بغیر ہیزل ووڈ کی گیند پر سلپ میں ڈیوڈ وارنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ بین اسٹوکس پانچ رنز بنانے کے بعد کمنس کا شکار بنے۔ اوپنر حسیب حمید کو کمنس نے ٹیم کے 60 رن کے اسکور پر پولین بھیجا۔ حمید نے 75 گیندیں کھیل کر 25 رن بنائے۔ اولی پاپ اورجوس بٹلر نے چھٹے وکٹ کے لئے 52 رن جوڑے۔ بٹلر کواسٹارک نے وکٹ کے پیچھے کیری کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ بٹلر نے 58 گیندوں پر پانچ چوکوں کے سہارے 39 رن بنائے۔ اولی پاپ کو کیمرون گرین نے آوٹ کیا۔ پاپ نے 79 گیندوں پر دوچوکوں کی مدد سے 35 رن بنائے۔ کرس ووکس 24 گیندوں میں چارچوکوں کی مدد سے 21 رن بناکر کمنس کا تیسرا شکاربنے۔ کمنس نے اولی رابنسن اورمارک ووڈ کے وکٹ لے کر پانچ وکٹ مکمل کئے اورانگلینڈ کو 147 رن پر نمٹادیا۔ کمنس کے پانچ وکٹوں کے علاوہ اسٹارک اورہیزل ووڈ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح کمنس ٹیسٹ کپتانی کے ڈیبیو میں پانچ وکٹیں لینے والے دوسرے آسٹریلیائی کپتان بنے۔ اس سے قبل جارج گیفن نے 1894 میں کپتانی کا آغاز کرتے ہوئے میلبورن میں انگلینڈ کے خلاف دوسری اننگ میں 155 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ کمنس اپنے ٹیسٹ کپتانی ڈیبیو میں پانچ وکٹیں لینے والے 14ویں کپتان بن گئے ہیں۔ اس سے قبل راشد خان نے 2019 میں بنگلہ دیش کے خلاف دونوں اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ کمنس 1982 کے بعد سے ایشز میں پانچ وکٹیں لینے والے پہلے کپتان بنے۔ اس سے پہلے 1982 میں گابا ٹیسٹ میں باب ولس نے میزبان ٹیم کے خلاف پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اسی کے ساتھ کمنس ایشز میں 1962 کے بعد سے پانچ وکٹیں لینے والے پہلے آسٹریلوی کپتان بنے۔ ان سے پہلے رچی بینو نے گابا میں ہی انگلینڈ کے خلاف چھ وکٹ لئے تھے۔ دوسری بارایسا ہواہے جب ایشز ٹیسٹ سیریز میں پہلی گیند پر وکٹ گراہے، جس میں بدھ کو مچل اسٹارک کا روری برنز کو آؤٹ کرنا بھی شامل ہے۔ اس سے قبل 1936 کے گابا ٹیسٹ میں انگلینڈ کے اوپنر سٹین ورتھنگٹن کو پہلی گیند پر ایرنی میک کارمک نے وکٹ کے پیچھے آؤٹ کرایا تھا۔ دوسری بارہی انگلینڈ 1937 سے ٹیسٹ میچ میں پہلی گیند پر وکٹ گنوایا ہے، اس میں برسبین میں برنس کا وکٹ بھی شامل ہے۔
 

تازہ ترین