تازہ ترین

نالہ ماور سے ریت اور باجری نکالنے کا کام جاری

زرعی اراضی کو خطرات لاحق، لوگوں کا اظہار برہمی

تاریخ    9 دسمبر 2021 (00 : 01 AM)   


اشرف چراغ
کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ میں نالہ ماور سے ریت اوربابجری نکالنے کاکام جاری ہے جس کے نتیجے میں زرعی ارا ضی کے ساتھ ساتھ آس پاس مکانو ں کو بھی خطرہ لا حق ہے ۔مقامی لوگو ں نے اس نالہ سے ریت اورباجری نکالنے کے خلاف بدھ کے روز احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نالہ سے غیر قانونی طور ریت اور باجری نکالنے پر مکمل پابندی عائد کی جائے ۔نالہ ماور کے آس پاس رہائش پذیر لوگو ںکا کہنا ہے کہ نالہ ماور ضلع کپوارہ کے متعدد دیہات کو پینے کا صاف پانی فراہم کرتا ہے اور اس نالہ کی نگرانی کی ذمہ داری جیالوجی اور مائننگ محکمہ کو دی گئی ہے لیکن عدالت اور ضلع انتظامیہ کی پابندی کے باجود بھی ریت مافیا سرگرم عمل ہے اور دوران شب اس نالہ سے غیر قانونی طور ریت اور باجری نکال دیتے ہیں جس کی وجہ سے نالہ ماور کی ہیت بگڑ چکی ہے اور یہ نالہ بنجر نظر آرہا ہے ۔مقامی لوگو ں کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایک زمانہ تھا جب یہ نالہ لوگو ں کی توجہ کا مرکز بن جاتا تھا ۔مقامی لوگو ں کے مطابق دوران شب جے سی بی مشینو ں کے ذریعے نالہ کی کھدائی کے دوران اس کی گہرائی میں اضافہ ہوا ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ ریت مافیا اب آہستہ آہستہ ان کے مکانو ں کے قریب پہنچ گئے ہیں جس کی وجہ سے ان کے مکانو ں کے ساتھ ساتھ زرعی را ضی کو بھی خطرہ لاحق ہے ۔احتجاجی لوگو ں کا کہنا ہے کہ دوران شب جے سی بی مشینو ں کے شور  سے ان کی راتو ں کی نیندیں بھی حرام کردی گئی ہیں ۔ان کا مزید کہنا ہے کہ نالہ ماور کے آس پاس رہائش پذیر لوگ کئی بار غیر قانونی طور ریت اوربابجری نکالنے والو ں کو روکنے گئے تھے تاہم وہا ں سے وہ یہ کہہ دیتے ہیں کہ ان کے پاس اجازت نامہ ہے ۔علاقہ کے لوگو ں کا یہ بھی کہنا ہے کہ کچھ خود غرض عناصر اب پہاڑیو ں سے ریت لاکر نالہ ماور صاف کرتے ہیں جس کے نتیجے میں اس نالہ کا صاف پانی گندہ ہوتا ہے جس کے باعث یہ پانی نا قابل استعمال بن جاتا ہے ۔احتجاج میں شامل لوگو ں کا کہنا ہے کہ نالہ ماور کی ہیت اس قدر بگڑ چکی ہے کہ اب لوگو ں کو مالی و جانی نقصان ہونے کا خدشہ ہے ۔ جیا لوجی اینڈ مائننگ کے افسرو ں کا کہنا ہے کہ انہو ں نے نالہ کی نگرانی کے لئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے جس نے گزشتہ ہفتہ سے اب تک متعدد ٹپر ضبط کئے جبکہ کئی جے سی بی مشینو ں کو بھی ضبط کیا گیا ۔انہو ں نے کہا کہ دوران شب کئی بار انہو ں نے چھاپہ مارا لیکن ریت مافیا نے اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر پتھرائو کیا اور بھاگ گئے ۔انہو ں نے کہا کہ کئی ہفتوں سے محکمہ نے اپنی کارروائیوں میں تیزی لائی ہے اور غیر قانونی طور ریت اور باجری نکالنے والو ں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی ۔