جموں و کشمیر میں 15 دسمبر تک موسم خشک رہیگا

شبانہ درجہ حرارت میںمزید گراوٹ آنیکا امکان

تاریخ    9 دسمبر 2021 (00 : 01 AM)   


اشفاق سعید
سرینگر //محکمہ موسمیات نے جموں کشمیر اور لداخ میں 15دسمبر تک موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ خشک موسم کے دوران آئندہ دنوں میں شبانہ درجہ حرارت میں شدید گراوٹ آنے کی توقع ہے ۔محکمہ کے مطابق 8اور9 دسمبر کے دوران زوجیلا اور دراس کے علاقوں میں ہلکی برفباری ہو سکتی ہے، البتہ موسم بنیادی طور پر 15 دسمبر تک خشک رہے گا۔انہوں نے کہا کہ خشک موسم میں اکثر وبیشتر شبانہ درجہ حرارت میں دسمبر کے مہینے میں شدید گراوٹ دیکھنے کو ملتی ہے اور توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں راتیں مزید ٹھنڈی ہونی شروع ہوں گی ۔ادھر محکمہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیاجبکہ گذشتہ رات درجہ حرارت منفی 1.4ڈگری تھا ۔سرینگر میں رواں سال یکم دسمبر کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.5ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا تھا اور وہ رات سرینگر میں ٹھنڈی رات ثابت ہوئی تھی ۔ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ رات منفی 0.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔ پہلگام میں منفی3.4ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ اس سے قبل کی رات یہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.8ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا  ۔کوکرناگ میں پچھلی رات منفی 1.2 ڈگری سلسیش کے مقابلے میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.4 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔ گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.0 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ اس سے قبل کی رات کو یہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.0 ڈگری سلسیش تھا۔ لداخ کے لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.9 ڈگری ،جبکہ کرگل شہر میں منفی 1.5 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔دراس سائبیریا کے بعد دنیا کا دوسرا سرد ترین مقام رہا ،جہاںکم سے کم درجہ حرارت منفی 14.5 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا۔
 

تازہ ترین