تازہ ترین

جموں و کشمیر ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا سری نگر میں علامتی احتجاج

تاریخ    8 دسمبر 2021 (42 : 03 PM)   
(Aman Farooq)

کشمیرعظمیٰ
سری نگر// جموں و کشمیر ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی (جے کے ای جے اے سی) نے بدھ کے روز یہاں پریس کالونی میں عارضی ملازمین کی نوکریوں کی مستقلی کے مطالبے کو لے کر علامتی احتجاج درج کیا۔
احتجاجیوں نے ہاتھوں میں بینرس اٹھا رکھے تھے اور وہ ’ڈیلی ویجرس کے ساتھ انصاف کرو‘ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔
اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم کئی برسوں سے عارضی ملازموں کی نوکریوں کی مستقلی کے مسئلے کو لے کر احتجاج کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے آج تک کئی میمورنڈم بھی پیش کئے لیکن مسئلے کو حل نہیں کیا گیا۔
موصوف احتجاجی نے کہا کہ سرکار نے اصولی طور پر یہ مسئلہ تسلیم بھی کیا ہے اور ہمارے ساتھ بھی ایک معاہدہ کیا ہے اور ہمیں یہ مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی بھی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک انسانی مسئلہ ہے اور ہم نے اس کو ترجیحی بنیادوں پر لیا ہے۔
احتجاجی نے کہا کہ اگر آج بھی یہ مسئلہ حل نہیں کیا گیا تو ہم ایک انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوں گے جس کی تمام ذمہ داریاں سرکار پر عائد ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا صاحب سے ملنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ہم وہاں بھی یہ مسئلہ اٹھائیں گے۔۔
ان کا کہنا تھا کہ عارضی ملازموں کے لئے فی الوقت منیمم ویجز ایکٹ لاگو کیا جانا چاہئے۔