مزید خبریں

تاریخ    7 دسمبر 2021 (00 : 01 AM)   


ہم اومیکرون کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں: پرنسپل جی ایم سی جموں

جموں// گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کی پرنسپل ڈاکٹر ششی سادھنا شرما کا کہنا ہے کہ اومیکرون تیزی سے منتقل ہونے والا ویرینٹ ہے لیکن ہم اس کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس نئے ویرینٹ سے بیماری کی شدت کیا ہوسکتی ہے اور اموات کی شرح کیا رہ سکتی ہے وہ ریسرچ کے بعد ہی بتایا جا سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا گائیڈ لائنز پر من و عن عمل در آمد سے ہی اس نئے ویرینٹ سے بچا جا سکتا ہے۔موصوفہ نے یہ باتیں پیر کے روز اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہیں۔انہوں نے کہا، ’ ’نئے قسم کا یہ اومیکرون ویرینٹ جنوبی افریقہ میں پایا گیا یہ بھی تیزی سے منتقل ہونے والا ویرینٹ ہے‘‘۔ان کا کہنا تھا، ’ ’اس سے بیاری کی شدت کیا ہوگی اور اموات کی شرح کیا ہوگی وہ ریسرچ کے بعد ہی بتایا جا سکتا ہے جو آنے والے ایک دو ہفتوں میں معلوم ہوگا‘‘۔ڈاکٹر شرما نے کہا کہ نئے نئے ویرینٹس آتے رہیں گے لیکن کورونا گائیڈ لائنز پر مکمل عمل در آمد سے ان سے بچا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں اس کا مقابلہ کرنے کیلئے تمام تر طبی سہولیات دستیاب ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جس طرح ہم نے کورونا کی دوسری لہر کو قابو میں کر لیا اسی طرح ہم اس کا مقابلہ کرنے کے لئے بھی تیار ہیں۔قابل ذکر ہے کہ اومیکرون کے خدشات کے پیش نظر سری نگر انتظامیہ نے تمام بین الاقوامی مسافروں کو سری نگر ہوائی اڈے پر ہی ٹیسٹ کرنے کو لازمی قرار دیا ہے اور ٹیسٹ رپورٹ آنے تک مسافروں کو کورنٹائن کیا جاتا ہے۔حکام نے ہدایات جاری کی ہیں کہ جن مقامی لوگوں نے گذشتہ دو ہفتوں کے دوران بیرونی ممالک کا دورہ کیا ہے اگر وہ اپنی سفری ہسٹری چھپائیں گے تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور ان پر بیس ہزار روپیہ جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔
 
 

 دھوکہ دہی کے معاملے میں قبضہ مافیا، ریونیو اہلکاروں کے خلاف چارج شیٹ پیش 

جموں//کرائم برانچ جموں نے زمین پر قبضہ کرنے والوں اور ریونیو حکام کے خلاف نقالی اور دھوکہ دہی کے الزام میں چارج شیٹ پیش کی۔ایس ایس پی کرائم برانچ جموں راجیشور سنگھ نے بتایا کہ انہوں نے گرومکھ سنگھ ولد گرمیت سنگھ ساکنہ نروال پین ستواری جموں، رومیش چندر ولد لاجپت رائے ساکنہ ریہاڑی جموں، تارا چند ولد منگت رام ساکن بخشی نگر جموں (اب فوت شدہ ) سابق پٹواری حلقہ سنجوان جموں اور اسلم دین ولد حاجی کالا خان ساکن ریحان کوٹرنکا،سابق نائب تحصیلدار باہو (اب فوت شدہ) کو گرفتار کر لیا گیا کوسنجواں جموں میں شکایت کنندہ کی ایک ایک کنال دس مرلہ اراضی مجرمانہ سازش کے بعد اور فرضی فردِانتخاب کا انتظام کرتے ہوئے فرضی طور پر زمین پر قبضہ کر نے کے سلسلے میں فرد جرم عائد کردی ہے۔ایس ایس پی نے کہا، "چارج شیٹ کو عدالتی فیصلہ کے لیے خصوصی جج انسداد بدعنوانی جموں کی عدالت میں پیش کیا گیا ہے"۔ایس ایس پی نے کہا کہ انہیں بال کرشن دتہ ولد لدرمنی دتہ، رہائشی مکان نمبر 77 ریشم گھر کالونی جموں کی طرف سے ایک تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں انہوں نے الزام لگایا تھا کہ وہ 1 کنال 10 مرلہ زمین زیرکھسرہ نمبر 654 اور 656 من سنجوان کامالک  ہے۔ایس ایس پی نے بتایا کہ "اس نے مذکورہ اراضی کی حد بندی کے لیے متعدد بار ریونیو حکام کے سامنے درخواست دی تھی جس کی متعلقہ ریونیو حکام نے حد بندی نہیں کی تھی کیونکہ کچھ قبضہ مافیاکے مفادات تھے جو کہ ریونیو اہلکاروں کے ساتھ مل کر مذکورہ زمین پر قبضہ کرنا چاہتے تھے۔" اس شکایت کی وصولی پرکرائم برانچ جموں کی طرف سے ایک ابتدائی تصدیق شروع کی گئی اور لگائے گئے الزامات کو پہلی نظر میں ثابت پایا گیا جس کی وجہ سے فوری طور پر مقدمہ درج کیا گیا۔تحقیقات کے دوران زیر بحث اراضی سے متعلق ریکارڈ محکمہ ریونیو سے حاصل کیا گیا اور گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔ 12 اکتوبر 2004 کی سیل ڈیڈ کی اصل کاپی متعلقہ عدالت سے حاصل کی اور کیس میں ضبط کر لی گئی۔تحقیقات کے دوران جمع کیے گئے شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ گرومکھ سنگھ اور رومیش چندر نے اس وقت کے پٹواری حلقہ سنجواں تارا چند اور اس وقت کے نائب تحصیلدار اسلم دین کے ساتھ مل کر فرضی/ فرضی فردِ انتخاب کا انتظام کیا، جبکہ رومیش چندر نے خود کوعدالت کے سامنے بال کرشن دتہ (شکایت کنندہ) کے طور پر ظاہر کیا۔ دونوں ملزمین نے عدالت کو گمراہ کیا اور گرومکھ سنگھ کے نام پر جعلی سیل ڈیڈ تیار کیا۔چونکہ ملزم گرومکھ سنگھ کیس کے اندراج کے بعد سے ہی مفرور تھا، اس لیے اس کے خلاف 512 CrPC کے تحت چارج شیٹ پیش کی گئی ہے۔
 
 
 
 

 پی ایم پیکیج کے تحت کشمیری پنڈتوں کیلئے مزید نوکریوں کا مطالبہ

 جموں// جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے پیر کو وزیر اعظم کے خصوصی پیکیج کے تحت کشمیری پنڈتوں کے لئے سرکاری عہدوں کی تعداد میں اضافہ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی بے روزگاری نے بے گھر کمیونٹی کے پڑھے لکھے نوجوانوں میں احساس محرومی پیدا کیا ہے۔ این سی کے اقلیتی سیل کے صدر ایم کے یوگی نے بھی مہنگائی کے پیش نظر تمام اہل بے گھر خاندانوں کے لیے نقد امداد کو 13,500 روپے سے بڑھا کر 25,000 روپے کرنے کا مطالبہ کیا۔یوگی نے شیر کشمیر بھون میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’بے روزگاری نے نوجوانوں میں محرومی اور مایوسی کا احساس پیدا کیا ہے اور اسے ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔انہوں نے پیکیج کے تحت کشمیری پنڈت ملازمین کے لیے اضافی رہائش کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ سنگین حفاظتی منظر نامے کے پیش نظر ایسے ملازمین کے تمام رہائش گاہوں پر مناسب حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔انہوں نے جموں بھر میں ان بے گھر لوگوں کے لیے اضافی 5000 فلیٹس کی تعمیر پر بھی زور دیا جو کرائے کی رہائش میں رہ رہے ہیں۔انہوں نے کشمیری پنڈتوں کے جگتی کیمپ میں فول پروف باؤنڈری وال بنانے کا مطالبہ کیا۔یوگی نے اپنی پارٹی کے کارکنوں کو نیشنل کانفرنس اور اس کے اقلیتی سیل کو نچلی سطح پر مضبوط کرنے کی تلقین کی۔
 
 

ریہاڑی جموں میںڈگری کالج کھولاجائے :اپنی پارٹی یوتھ ونگ

جموں//اپنی پارٹی یوتھ ونگ صوبائی صدر جموں وپل بالی نے مانگ کی ہے کہ اسمبلی حلقہ مغربی جموں میں ڈگری کالج ہونا چاہئے۔ ایک پریس بیان میں بالی نے کہاکہ کثیر تعداد میں طلبا کالجو ں میں داخلہ نہیں لے پاتے۔ یہ طلبا اہلیت ہونے کے باوجود میرٹ بہت زیادہ جانے کے سبب گریجویشن میں داخلہ نہیں لے سکتے۔ اگر حکومت ضلع جموں میں مغربی اسمبلی حلقہ میں ایک کالج منظور کرے تو اِس سے طلبا کی ضرورت پوری ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ کثیر تعداد میں طلبا کالجوں میں داخلہ نہ مل پانے کے سبب پریشان ہیں۔ شہر کے موجودہ کالجوں میں نشستیں کم ہونے کی وجہ سے سال ضائع ہورہے ہیں۔اگر اعلیحدہ ایک کالج کھولاجائے، تو اِس سے طلبا داخلہ لے سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ایسے طلبا کو جموں وکشمیر سے باہر پنجا ب یا دیگر ریاستوں میں موجود نجی کالجوں میں داخلہ لینے جانا پڑتا ہے ، جہاں اُنہیں زیادہ پیسے دیکر نشستیں حاصل کرنا پڑتی ہیں جوکہ مالی طور کمزور گھرانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کے لئے مشکل ہے۔ انہوں نے مشورہ دیاکہ گورنمنٹ گرلز ہائر اسکینڈری اسکول ریہاڑی کو کال میں تبدیل کیاجائے اور مڈل اسکول وہائر اسکول ضم کرکے ایک عمارت میں رکھے جائیں۔
 

جموں میں بجلی کی لگاتار سپلائی یقینی بنانے پرزور

جموں//اپنی پارٹی ضلع اربن جموں نائب صدر وائی بہو متو نے سرمائی راجدھانی جموں میں غیر اعلانیہ بجلی کٹوتی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے جس سے لوگوں کو مشکلات سے گذرنا پڑتاہے۔ایک پریس بیان میں مٹو نے کہاکہ حکومت نے وعدہ کیاتھاکہ شہر میں میٹر کی تنصیب کے بعد بلاخلل بجلی مہیا کروائی جائے گی لیکن اِس ضمن میں کوئی بھی ٹھوس قدم نہ اُٹھایاگیا۔ غیراعلانیہ بجلی کٹوتی نے عام لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا جبکہ اُنہیں بجلی کے بل بہت زیادہ ادا کرنے پڑ رہے ہیں۔ 
 
 

سی پی آئی ریجنل کونسل کی کیسر کے انتقال پر تعزیت 

جموں//کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) جموں ریجنل کونسل نے پیر کو سی پی آئی (ایم) ریجنل کونسل جموں کے سکریٹری شام پرساد کیسر کے افسوسناک اور بے وقت انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا جو مختصر علالت کے بعد اتوار کی صبح انتقال کر گئے۔سی پی آئی ریجنل کونسل کے اراکین نے پارٹی ہیڈکوارٹر، دھنونتری بھون شہیدی چوک میں ایک تعزیتی میٹنگ کا انعقاد کیا جس میں تمام موجود اراکین نے پہلے آنجہانی کی روح کے لیے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی اور پھر ان کی زندگی اور جدوجہد کے بارے میں گفتگو کی۔ سی پی آئی ایم لیڈر نے مختصر علالت کے بعد اتوار کی صبح نارائناہسپتال کٹرا میں آخری سانس لی۔ انہوں نے محنت کش لوگوں کے حقوق کے لیے انتھک جدوجہد کی اور جموں میں سیاسی میدان میں ان کی عزت افزائی کی گئی۔سی پی آئی کی علاقائی کونسل نے کامریڈ کیسر کی یاد کو انقلابی خراج عقیدت پیش کیا۔ 
 
 

 بانہال۔کٹرا ریلوے لنک پر تیز رفتاری سے کام کرنے کا خیرمقدم

 جموں//اشٹریہ اٹل سینا کے ریاستی جنرل سکریٹری شاہنواز آہنگر نے بانہال۔کٹرا ریلوے لنک پر تیز رفتاری کو لیکر حکام کو مبارکباد پیش کی ہے۔آہنگرنے کہا کہ عہدیداروں نے بتایا کہ شمالی ریلوے نے ہفتہ کو ٹنلنگ کے عالمی دن کے موقع پر بانہال کے بنکوٹ علاقے میں سرنگ نمبر 77 اے ڈی کو جوڑنے کے لئے "بریک تھرو" اثر کے ساتھ ایک اور سنگ میل حاصل کیا۔انہوںنے کہا کہ اس "بریک تھرو" کے ساتھ، بانہال اور کھاری سیکٹر کے درمیان ریلوے سرنگوں کی زیادہ تر کھدائی کا کام IRCON انٹرنیشنل نے مکمل کر لیا ہے، جو کمپنی شمالی ریلوے کی جانب سے اس پروجیکٹ کو انجام دے رہی ہے جو بڑی کامیابی ہے اور اس سے اس پروجیکٹ کی تکمیل آسان ہوگئی ہے۔
 

 بملا لوتھرا کیساتھ ڈاکٹر فاروق اور عمر عبداللہ کا اظہارِ تعزیت

جموں//صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے پارٹی کی خواتین ونگ کی نائب صدر بملا لوتھرا (سابق ایم ایل اے ) کے خاوند شری پریم ناتھ لوتھراکے سرگباش ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور اس سانحہ ارتحال پر آنجہانی کے جملہ سوگواران کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ دونوں لیڈران نے آنجہانی کی آتما کی شانتی کیلئے دعا کی۔ دونوں لیڈران نے بملا لتھرا کیساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کرکے تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی۔ پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمد، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال ، ترجمان عمران نبی ڈار، شمیمہ فردوس، انجینئر صبیہ قادری اور سارا حیات شاہ نے بملا لتھرا کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ادھر پارٹی کے صوبائی صدر جموں ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا، صوبائی سکریٹری شیخ بشیر احمد اور دیگر لیڈران عہدیداران اور کارکنان نے آنجہانی کے آخر رسومات میں شرکت کی اور پسماندگان کی ڈھارس بندھائی۔
 
 
 
 
 
 

تازہ ترین