تازہ ترین

جموں یونیورسٹی میں کالج اساتذہ کیلئے ایک ہفتے کی ورکشاپ کاآغاز

تاریخ    7 دسمبر 2021 (00 : 01 AM)   


جموں//ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ سنٹر(ایچ آرڈی سی) اورشعبہ اُردوجموں یونیورسٹی کے اشتراک سے جموں یونیورسٹی میں کالج اساتذہ کیلئے ایک ہفتے کی ورکشاپ کاآغازڈین اکیڈمک افیئرس جموں یونیورسٹی پروفیسرنریش پادھاکے ہاتھوں ہوا۔اس دوران ایوان صدارت میں ڈائریکٹرہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ سنٹر(ایچ آرڈی سی)پروفیسرایس ۔کے پنڈتا،ڈپٹی ڈائریکٹرایچ آرڈی سی ڈاکٹررنجیت کالرا، ورکشاپ کوآرڈی نیٹرپروفیسرشہاب عنا یت ملک اورصدرشعبہ اُردوجموں یونیورسٹی پروفیسرمحمدریاض احمدموجودتھے۔اس دوران ورکشاپ میں 50 مختلف کالجوں کے اسسٹنٹ پروفیسراورمختلف مضامین کے پی ایچ ڈی اسکالرس حصہ لے رہے تھے۔اپنے افتتاحی خطاب میں پروفیسرنریش پادھانے تحقیق کے مختلف طریقہ کارکے حوالے سے خیالات کااظہارکیا۔انہوں نے کہاکہ ریسرچ اکیڈمک کابہت ہی اہم جُزہے اورہماری یونیورسٹی نے ریسرچ کلسٹرتیارکیاہے جس کے تحت مختلف شعبوں میں تحقیق کیلئے مالی امداددی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریسرچ کوروزگاراورسماج سے جوڑناضروری ہے ۔پروفیسرپادھانے کہاکہ جموں یونیورسٹی نے بہت ہی معیاری ریسرچ اسکالرپیداکئے ہیں جنھوں نے نہ صرف ہندوستان بلکہ بیرون ممالک بھی نام کمایاہے۔ڈائریکٹرایچ آرڈی سی پروفیسرایس کے پنڈتانے کہاکہ یہ کووڈوباء کے بحران کے بعد ایچ آرڈی سی کی طرف سے شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی کے اشتراک سے یہ پہلی آف لائن ورکشاپ کروارہاہے ۔انہوں نے ورکشاپ کے اغراض ومقاصدپربھی روشنی ڈالی اوراُمیدظاہرکی کہ ورکشاپ سے شرکاء کوکافی فائدہ پہنچے گا۔ورکشاپ کے کوآرڈی نیٹر پروفیسرشہاب عنایت ملک نے تحقیق کے معانی ، اقسام اورطریقہ کارکے حوالے سے بات کی ۔انہوں نے ایچ آرڈی سی کاورکشاپ منعقدکرنے کیلئے شعبہ اُردوکومنتخب کرنے کیلئے شکریہ اداکیا۔اس دوران نظامت کے فرائض پروفیسرشہاب عنایت ملک نے انجام دیئے ۔