تازہ ترین

جامع مسجدمیں مسلسل 17ویں جمعہ نماز پر روک

انجمن اوقاف جامع مسجدکااظہار برہمی

تاریخ    4 دسمبر 2021 (00 : 01 AM)   


سرینگر//انجمن اوقاف جامع مسجدسرینگر نے جامع مسجد کوحکام کی جانب سے نمازجمعہ کیلئے مسلسل بند رکھنے کے خلاف سخت احتجاج کیا۔ایک بیان میںانجمن نے کہا کہ آج ایک بار پھر شہر ودیہات سے جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے آنے والے مردو زن اور بزرگ افراد محروم رہے ۔انجمن نے کہا کہ رواں سال 2021 میں 43 واں جمعہ ہے جب جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ مسلسل 17 جمعہ سے روحانیت کے مرکز جامع مسجد سرینگر میں مسلمانوںکو نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی  اور نہ ہی منبر رسول ؐ سے قال اللہ وقال الرسول ؐ کی صدائیں بلند ہوئیں۔بیان میںانجمن نے کہا کہ ہم اور جموںوکشمیر کے لوگ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ایک طرف مختلف مذاہب کے پیروکاروںکی تمام عبادتگاہوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے کھول دیا گیا ہے اور دوسری طرف جامع مسجد سرینگر کے ساتھ انتقام گیری کا رویہ روارکھا جارہا ہے، جو حد درجہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔بیان میں جامع مسجد سرینگر کو نماز جمعہ کیلئے کھولنے اور انجمن کے سربراہ میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق جنہیں 5 اگست2019 سے ہی غیر قانونی طور پر مسلسل نظر بند رکھا گیا ہے ،کی رہائی عمل میں لانے پر زور دیا گیا ۔