تازہ ترین

ہندوستان نیوزی لینڈ ٹیسٹ مقابلہ

مینک کی سنچری ،ہندوستان نے 4وکٹ پر 221رن بنائے

تاریخ    4 دسمبر 2021 (00 : 01 AM)   


 ممبئی// سلامی بلے باز مینک اگروال 120کی سنچری کی بدولت ہندوستانی کرکٹ ٹیم چاربڑے وکٹ گنوانے کے باوجود جمعہ کو ممبئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے دن کے کھیل تک 221 رن بنانے میں کامیاب رہی۔ فی الحال مینک کے ساتھ وکٹ کیپر بلے باز ردھیمان ساہاکریز پر ہیں، جو 25 رنز پر کھیل رہے ہیں۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 61 رنز کی شراکت داری ہوئی ہے ۔ مینک نے شاندار 120 رنز بنائے ہیں۔ بھارت اب تک شبھمن گل، چیتشور پجارا، وراٹ کوہلی اور شریئس کی شکل میں چار وکٹیں گنوا چکا ہے ۔ یہ تمام وکٹیں لیفٹ آرم اسپنر اعجاز پٹیل نے حاصل کی ہیں۔ جو گزشتہ میچ میں بھی اچھے نظر آرہے تھے اور چار وکٹیں لینے میں کامیاب رہے تھے ۔ہندوستان نے میچ کا آغاز اچھا کیا۔ اوپنرز مینک اور شبھمن نے اچھی شروعات کی اور پہلے وکٹ کے لیے 80 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ ایک بھی وکٹ گرے بغیر 80 رنز جیسی اچھی صورتحال سے ہندوستان اچانک مصیبت میں پڑگیا جب اس کے تین وکٹ گر گئے ۔ 28ویں اوور میں میچ کارخ پلٹا، جب شبھمن گل نے پچھلے اوور میں ولیم سومرول کی طرح اعجاز پٹیل کو جارحانہ انداز میں کھیلناچاہا، لیکن بدقسمتی سے وہ سلپ پر کیچ ہو گئے ۔ اس کے بعد اعجاز نے اپنے اگلے اوور میں پجارا اور کپتان وراٹ کوہلی کو نشانہ بنایا۔ تاہم، وراٹ کاایل بی ڈبلیو دن بھر سوالوں کے گھیرے میں رہا۔ سوشل میڈیا پران کے آوٹ ہونے کاایک ویڈیو سامنے آیا، جس میں نظرآیا کہ گیند پہلے بلے کو چھو رہی ہے ، پھر بھی ہندوستانی امپائر وریندرشرما کے ذریعہ وراٹ کو آوٹ قراردیا گیا۔ اس پر انہیں کافی ٹرول کیا گیا۔