کویڈ سے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو معاوضہ دیا جائے : غلام احمد میر

تاریخ    28 نومبر 2021 (00 : 01 AM)   


جموں//جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی ہے کہ وہ یونین ٹریٹری میں کورونا وبا ءسے لقمہ اجل بن جانے والوں کے لواحقین کو معاوضہ دیں۔پارٹی کا مطالبہ ہے کہ کورونا سے جس کی موت واقع ہوئی ہے خواہ گھر میں ہوئی یا ہسپتال میں ہوئی ہے ، کے لواحقین کو چار لاکھ روپیے معاوضہ دئے جانے چاہئے ۔یہ باتیں کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے سنیچر کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیں۔انہوں نے کہا’کورونا وبا کے دونوں مرحلوں کے دوران ملک میں دنیا بھر کی طرح تباہی مچ گئی لیکن موجودہ سرکار نے اموات کے متعلق صحیح اعداد و شمار فراہم نہیں کئے ‘۔ان کا کہنا تھا’یہاں صرف ہسپتالوں میں ہی لوگوں کی کورونا سے موت واقع نہیں ہوئی بلکہ گھروں میں بھی ہوئی اور راہل گاندھی پہلے لیڈر ہیں جنہوں نے حکومتوں کو اس ضمن میں تیاریاں کرنے کےلئے مطلع کیا‘۔موصوف صدر نے کہا کہ کانگریس کا مطالبہ ہے کہ ایک کورونا اموات کے بارے میں صحیح اعداد و شمار فراہم کئے جائیں اور دوسرا متوفین کے لواحقین کو چار لاکھ روپئے بطور معاوضہ دئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ جن ریاستوں میں کانگریس کی سرکا ر ہے ان میں ریاستی سرکار کی طرف سے لواحقین کو ایک لاکھ روپے دیئے جائیںگئے جبکہ باقی تین لاکھ روپئے مرکزی سرکار کو دینے چاہئے ۔ میر نے کہا کہ ہماری جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل ہے کہ وہ یونین ٹریٹری میں کورونا سے مرنے والوں کے لواحقین کو معاوضہ دیں تاکہ ان کی مدد ہوسکے ۔ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی اس ضمن میں لیفٹیننٹ گورنر کے نام ایک مکتوب بھی روانہ کرے گی۔

تازہ ترین