تازہ ترین

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی | دسمبر کے پہلے ہفتے میں برفباری | نومبر میں فی الحال کوئی موسمی تبدیلی نہیں آئیگی

تاریخ    28 نومبر 2021 (00 : 01 AM)   


اشفاق سعید
سرینگر// محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں وادی میں برفباری اور بارشیں ہونگی۔ ایک ترجمان نے کہا کہ موسمیاتی سسٹم اس بات کی نشاندہی کررہا ہے کہ 4اور 5دسمبر کو درمیانہ درجے کی برفباری اور بارشیں ہوسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تب تک شبانہ ٹھنڈ میں اضافہ ہوگا اور دن میں درجہ حرارت معمول کے مطابق رہیگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق مطلع ابر آلود رہنے کی وجہ سے شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری آئی اور سردی کی شدت میں ایک بار کمی واقع ہوئی، جس سے لوگوں کو ذرا سی راحت نصیب ہوئی ۔ ادھر گرمائی دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی1.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرینگر میں 23 نومبر کو رواں سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی2.3  ریکارڈ ہوا تھا۔ گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.0  ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب منفی1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.0 ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی3.3 تھا۔کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذ   شتہ شب  منفی1.9 تھا۔ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 1.2 ڈگری تھا۔ ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دریں اثنا وادی میں ہفتے کے روز بھی موسم خشک رہا اور دن میں ہلکی سی دھوپ بھی چھائی رہی۔
 

تازہ ترین