تازہ ترین

نمازجمعہ کی ادائیگی

جامع مسجدسرینگرکو بندرکھنالمحہ فکریہ:انجمن اوقاف

تاریخ    27 نومبر 2021 (00 : 01 AM)   


سرینگر//انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے وادی کی سب سے بڑی عبادت گاہ اورروحانی مرکز جامع مسجد سرینگر کو نماز جمعہ کیلئے مسلسل  بندرکھنے اورانجمن کے سربراہ میرواعظ مولیٰناعمر فاروق کی 5 اگست2019کے بعد سے لگاتار نظر بندی کومذہب پسند اورجمہورنوازقوتوں کیلئے لمحہ فکریہ اور چشم کشا قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں انجمن نے کہا کہ جمعہ علی الصباح ایک بار پھر حکام اور پولیس نے جامع مسجدسرینگر کے مرکزی گیٹ کو مقفل کرکے نمازجمعہ آداکرنے کیلئے مقامی اور دور دراز علاقوں سے آنے والے لوگوں کو اپنے مذہبی فریضے کی ادائیگی سے روک دیا۔انجمن نے حکام کی جانب سے مرکزی جامع مسجد کے ساتھ روا رکھی گئی پالیسیوں پر فکر و تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جامع مسجد کو جبراً بند رکھنے کے تمام ریکارڈ مات کردیئے گئے ہیں اور طاقت کے بل پر عوام کے مذہبی حقوق سمیت تمام تر حقوق سلب کئے جارہے ہیں جو مسلمانان کشمیر کیلئے سخت بے چینی اور اضطراب کا باعث ہے۔بیان میں انجمن کے سربراہ میرواعظ مولوی محمد عمر فارو ق جنہیں 5 اگست2019 سے ہی غیر قانونی طور پر مسلسل نظربندرکھاگیا ہے، کیخلاف صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے کہا گیاکہ کشمیر کے سب سے بڑے مذہبی قائد کو اپنی منصبی ذمہ داریوں اور پر امن سرگرمیوں سے روکنا عوام کے لئے ناقابل قبول ہے اور یہ سنگین صورتحال مذہب پسند اور جمہور نواز قوتوں کیلئے چشم کشا اور لمحہ فکریہ ہے۔بیان میں انجمن نے مرکزی جامع مسجد کو نماز جمعہ کیلئے کھولے جانے اور میرواعظ کشمیر کی نظر بندی کے فوری خاتمے کابھی مطالبہ کیا۔
 

تازہ ترین