تازہ ترین

بھمبر گلی راجوری میں دراندازی کی کوشش،ایک ملی ٹینٹ جاں بحق

ریاسی میں12سال قبل ضبط شدہ اسلحہ اور بارودی مواد تباہ

تاریخ    27 نومبر 2021 (00 : 01 AM)   


سمت بھارگو
راجوری / / راجوری کے بھمبر گلی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر فوج نے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک ملی ٹنٹ کو جاں بحق کیا گیا جبکہ علاقے میں تلاشی کارروائیوں کو تیز کر دیا گیا ہے ۔ جموں میں مقیم دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیویندر آنند نے جمعہ کے روز بتایا کہ جمعرات دیر رات پاکستان کی طرف سے ملی ٹنٹوں نے بھمبر گلی میں لائن آف کنٹرول سے ہندوستانی علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی جس دوران یہاں موجود فوجی اہلکاروں نے فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں گھیرے میں لیا۔انکا کہنا تھا کہ ملی ٹینٹوں کو ہتھیار ڈالنے کیلئے کہا گیا لیکن انہوں نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان گولی باری کا شدید تبادلہ ہوا جو کافی دیر تک جاری رہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج کی مدد سے ملی تینٹوں کے ایک گروپ نے حد متارکہ پار کرنے کی کوشش کی لیکن ہندوستانی فوج کے چوکس اہلکاروں نے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا یا اور ایک فائرنگ کے تبادلہ میں ایک پاکستانی ملی ٹنٹ کو ہلاک کیا۔ترجمان نے کہا کہ ملی ٹینٹ کی لاش اور اسکا اسلحہ بر آمد کیا گیا ہے اور ممکنہ طور پر مزید ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سرچ آپریشن ابھی جاری ہے۔خیال رہے گزشتہ ماہ علاقے میں ایک بڑا جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا گیا تھا جب گھات میںبیٹھے جنگجوئوں نے فوج کی ایک پارٹی پر حملہ کیا تھا جس میں دو افسران سمیت قریب9اہلکار مارے گئے تھے ۔ادھرجموں و کشمیر پولیس نے جمعہ کے روز ضلع ریاسی کے مہور علاقے میں مختلف ملی ٹنسی مخالف آپریشنز کے دوران ضبط شدہ دھماکہ خیز مواد تباہ کر دیا۔پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اور سپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) نے مہور علاقے میں سال 2009 سے ملی ٹنسی سے متعلق 15 معاملوں میں گرینیڈ، آئی ای ڈیز، آر ڈی ایکس وغیرہ ضبط کیا تھاجو کئی برسوں تک پولیس کی محفوظ تحویل میں رہا۔ دھماکہ خیز مواد کے حادثاتی طور پر پھٹنے کے خدشات کے پیش نظر ریاسی پولیس نے اس کو قانونی طور پر محفوظ طریقے سے تباہ کرنے کی اجازت حاصل کرنے کے لئے متعلقہ عدالتوں کی طرف رجوع کیا‘۔ ریاسی کے سیشن جج نے دو معاملوں میں ضبط شدہ دھماکہ خیز مواد کو تباہ کرنے کی اجازت دے دی جبکہ دو کیسز کے متعلق این آئی اے عدالت جموں نے ضروری احکامات جاری کئے جبکہ باقی11 کیسز میں بر آمد شدہ دھماکہ خیز مواد کو تباہ کرنے کے متعلق جی ایم آئی سی مہور نے احکامات صادر کئے۔تباہ شدہ دھماکہ خیز مواد میں 71 ہینڈ گرینیڈ، 24کلو آر ڈی ایکس اور آئی ای ڈیز کے رموٹ کنٹرول شامل تھے۔
 

تازہ ترین