تازہ ترین

القاعدہ فنڈنگ کیس

این آئی اے کے بڈگام وشوپیان میں 5مقامات پر چھاپے

تاریخ    26 نومبر 2021 (00 : 01 AM)   


بلال فرقانی
سر ینگر / /قومی تحقیقاتی ایجنسی کی طرف سے جمعرات کی صبح  وچی شوپیان اور بڈگام علاقوں میں5 مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ این آ ئی اے کے ہمراہ جموں وکشمیر پولیس اور سی آ ر پی ایف بھی شامل تھے۔ سرینگر کے مضافات میں کنٹھ باغ کرالپورہ میں انسانی حقوق کے کارکن ایڈوکیٹ پرویز امروز کے رہائشی مکان کی تلاشی لی گئی ۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی کی طرف سے ضلع شوپیان کے وچی علاقے میں چار مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں انجام دی گئیں۔شوپیاں کے وچی علاقے میں محکمہ انمل ہسبنڈ ری کے ملازم ریاض احمد میر، شاہد احمد شاہ ولد شبیر احمد شاہ، جو پیشہ سے دوکاندار ہے، وچی اوقاف کمیٹی کے صدرمحمد شعبان کمار اور محمد شفیع شاہ ولد عبدالاحد شاہ کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے گئے۔اس دوران دو افراد سے زینہ پور ہ پولیس تھانہ میں پوچھ تاچھ کی گئی۔بتایا جاتا ہے کہ جن گھروں پر چھاپے مارے گئے ان میں چند کا تعلق این سی اور پی ڈی پی سے بھی ہے۔این آئی اے بیان کے مطابق، یہ مقدمہ القاعدہ کے ایک مبینہ کارندہ عمر ہلمندی سے متعلق ہے، جو دیگر ملزمین کے ساتھ مل کر "بنیاد پرستی کیلئے برصغیر میں القاعدہ) کے لیے بھرتی کر رہا تھا اور انصار غزوۃ الہند کو بڑھانے کی کوشش کر رہا تھا۔جس کے لیے انہوں نے پہلے سے ہی اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد کا بندوبست کر رکھا تھا۔یہ مقدمہ ابتدائی طور پر 11 جولائی 2021 کو ایف آئی آر نمبر 10/2021 کے طور پر درج کیا گیا تھا، پولیس اسٹیشن اے ٹی ایس، اتر پردیش اور این آئی اے نے 29 جولائی 2021 کو RC-02/2021/NIA/LKW کے طور پر دوبارہ رجسٹر کیا تھا۔NIA نے دعوی کیا، "آج کی گئی تلاشیوں کے دوران، بڑی تعداد میں مجرمانہ دستاویزات اور ڈیجیٹل آلات ضبط کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا، "اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔
 

تازہ ترین