تازہ ترین

منافع بخش سبزیوں کی کاشت کے نئے طریقے اپنائے جائیں

نوین چودھری نے بارہمولہ میں ترقیاتی منظر نامے کا جائزہ لیا

تاریخ    24 نومبر 2021 (00 : 01 AM)   


 بارہمولہ//پرنسپل سیکریٹری زرعی پیداوار اور بہبودِ کساناں ، بھیڑ و پشو پالن نوین کمار چودھری نے ضلع بارہمولہ کا دورہ کیا اوروہاں محکموں کے کام کاج کا تفصیلی جائزہ لیا۔پرنسپل سیکریٹری جوسیکرٹری اِنچارج ضلع بارہمولہ بھی ہیں ،نے باغبانی ، زراعت ، صحت ، تعلیم اور دیگر محکموں کی شعبہ وار کارکردگی کا جائزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ بھوپندر کمار نے بذریعہ پاور پوائنٹ پرزنٹیشن مختلف محکموں کے تحت ترقیاتی سرگرمیوں اور شعبہ وار حصولیابیوںکا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔انہوں نے کووِڈ ۔19 معاملات میں حالیہ اِضافے کے حوالے سے ضلعی اِنتظامیہ کی جانب سے کئے گئے مختلف اقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔چودھری نے محکمہ باغبانی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ باغبانی شعبہ معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور بڑے پیمانے پر لوگ اَپنی روزی روٹی کے لئے اِس سے وابستہ ہیں۔انہوں نے بہتر منافع بخش قیمتوں کیلئے سبزیوں کی کاشت کے نئے طریقے اَپنانے پر زور دیا ہے۔انہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ کسانوں کیلئے منڈیاں قائم کریں جہاں کسان اپنی مقامی پیداوار فروخت کر سکیں اور انہوں نے اَفسران سے مزید کہا کہ وہ مقامی کسانوں کو زیادہ آمدنی والی فصلوں کی طرف راغب کریں۔انہوں نے کہا کہ بے روزگار نوجوانوں کی حوصلہ اَفزائی کرنے پر زور دیا جانا چاہئے تاکہ وادی میں وسیع اِمکانات کے حامل زرعی شعبے میں کاروبار کو اَپنایا جاسکے۔اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری نے محکمہ باغبانی پر زور دیا کہ وہ کسانوں کو روایتی پھل دار درختوں کے بجائے اعلیٰ کثافتی پودے لگانے کے بارے میں ضروری تربیت فراہم کرنے کے لئے بیداری کیمپوں کا اِنعقاد کرے۔نوین چودھری کو محکمہ صحت ، تعلیم ، زراعت ، آر اینڈ بی ، پی ایچ اِی اور دیگر محکموں کی حصولیابیوں اور پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی گئی۔انہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ مقررہ وقت میں مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لئے کام کی رفتار کو تیز کریں۔بعد میں ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ نے میٹنگ کو موسم سرما کی تیاریوں کے بارے میںجانکاری دی اور اِس سلسلے میں تمام اِنتظامات کو تفصیل سے بتایا۔پی ڈی ڈی بارہمولہ کی طرف سے پرنسپل سیکریٹری کو جانکاری دی گئی کہ تمام علاقوں کو بجلی کی فراہمی طے شدہ ہے اور ضلع کے مختلف مقامات پر نئے ٹرانسفارمر لگائے جارہے ہیں۔دورانِ میٹنگ پرنسپل سیکرٹری نے تمام اِنجینئران پر زور دیا کہ وہ صارفین کو بالخصوص سردیوں کے موسم میں قابل اعتماد اور معیاری بجلی کی فراہمی کے لئے کام کریں۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر جنرل ہارٹیکلچر اعجاز احمد بٹ، ڈائریکٹر زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال ، ڈائریکٹر سری کلچر منظور احمد قادری ، ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری بشیر احمد خان، ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری پورنیمامتل ، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ، پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ وشیش مہاجن ، اے ڈی ڈی سی بارہمولہ ،اے ڈی سی بارہمولہ ، سوپور ، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ اور تمام ضلعی اور سیکٹرل اَفسران موجود تھے۔
 

تازہ ترین