گرین پارک میدان میں ہندوستان کا شاندار ریکارڈ | ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 25نومبر کو کھیلا جائے گا

تاریخ    24 نومبر 2021 (00 : 01 AM)   


یو این آئی
کانپور// گنگا کے کنارے واقع گرین پارک میدان ہندوستان کی ٹیم کے لیے مجموعی طور پر خوش قسمت ثابت ہوا ہے جہاں نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 25 نومبر کو کھیلا جائے گا۔1952 سے اب تک ہندوستانی ٹیم نے گرین پارک میں کل 22 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جن میں ہندوستان نے سات جیتے ہیں جبکہ تین میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جس میں اسے ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں دو اور انگلینڈ کے ہاتھوں ایک میں شکست ہوئی ہے ۔ بقیہ 12 میچوں میں ہار جیت کا فیصلہ نہ ہوسکا۔ فتوحات کی بات کی جائے تو ہندوستانی ٹیم نے یہاں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کو دو دو مرتبہ شکست دی ہے اور 2009 میں ٹیم نے سری لنکا کے خلاف اننگز اور 144 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔گرین پارک گراؤنڈ میں ایک اننگز میں بہترین اسکور کا ریکارڈ بھی ہندوستان کے پاس ہے ۔ 1986 میں، ہندوستانی ٹیم نے سری لنکا کے خلاف سات وکٹ پر 676 رنز بنائے تھے ، حالانکہ یہ ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔ ایک روزہ میچوں میں بھی ہندوستان کا سکہ گرین پارک پر چل چکا ہے ۔ 2017 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے ون ڈے میچ میں ہندوستان نے یہاں 337 رن کا بڑا اسکور کھڑا کیا تھا اور جیت حاصل کی تھی۔نیوزی لینڈ کے خلاف اب تک کھیلے گئے تین میچوں میں ہندوستان کی ٹیم نے دو میچ جیتے ہیں جبکہ ایک ڈرا ہوا ہے ۔ 2004 میں ٹیم انڈیا نے نیوزی لینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ 2016 میں ٹیم کو اس گراؤنڈ پر 500 واں ٹیسٹ 197 رنز سے جیتنے کا تحفہ ملا تھا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اس گراؤنڈ پر واحد ایک روزہ میچ کھیلا ہے جس میں اسے چھ رنز سے سنسنی خیز شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اگرچہ 25 نومبر سے یہاں شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں زیادہ تر ہندوستانی کھلاڑیوں کے لیے ایک یہ نیا میدان ہوگا، لیکن ریکارڈ کے لحاظ سے ہندوستانی ٹیم بڑھتے ہوئے حوصلے کے ساتھ میدان پر جیت کے سلسلے کو برقرار رکھنے کے لیے اترے گی۔کانپور میں کرکٹ سے محبت کرنے والے شائقین بھلے ہی باقاعدہ ہندوستانی کپتان اور اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی، روہت شرما کو نہ دیکھ پائیں، جنہیں پہلے ٹیسٹ میں آرام دیا گیا ہے ، لیکن یہ کپتان اجنکیا رہانے اور مڈل آرڈر کے اہم بلے باز چتیشور پجارا کے لیے اصل امتحان ہے ۔دریں اثناء منگل کے روز مہمان ٹیم نے صبح کے سیشن میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا جبکہ ہندوستانی ٹیم دوپہر 2 بجے سے نیٹ پریکٹس کرے گی۔
 

تازہ ترین