کوٹرنکہ میں گندگی سے تاجروں و راہگیروں کا جینا محال | ’میرا کام بیداری لانے کا ہے صفائی ستھرائی کا نہیں‘ :بی ڈی او

تاریخ    23 نومبر 2021 (00 : 01 AM)   


محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر کوٹرنکہ میں صفائی ستھرائی کے فقدان کی وجہ سے گندگی کے ڈھیر جمع ہوئے ہیں جس کی وجہ سے مقامی تاجروں و عام راہگیروں کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کوٹرنکہ قصبہ میں پھیل رہی گندگی کو ٹھکانے لگانے کیلئے محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں کئی مرتبہ متعلقہ حکام و مقامی انتظامیہ سے اپیلیں کی گئی لیکن ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے جبکہ قصبہ میں گندگی کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو تا جارہا ہے ۔تاجروں نے بتایا کہ دو اکتوبر کو کوٹرنکہ کے مین چوک میں صفائی ستھرائی کیلئے حلف برداری اور فوٹو سیشن بھی ہوا تھا لیکن کچھ ہی دنوں میں قصبہ کی گلیوں و نالیوں میں گندگی کے ڈھیر جمع ہوگئے ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ کے ملازمین اور آفیسر عوامی مشکل کو یکسر نظر انداز کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ گندگی او ر خراب سڑکوں کی وجہ سے قصبہ کی نالیاں اورسڑکیں تالابوں میں تبدیل ہوتی جارہی ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ قصبہ میں صفائی ستھرائی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں اور متعلقہ محکمہ کے ملازمین و آفیسران کو جوابدہ بنایا جائے ۔بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کوٹرنکہ نے کہاکہ ’میں صرف لوگوں کو بیدار کرسکتا ہوں اور صفائی کا کام میرا نہیں ہے ‘۔انہوں نے مبینہ طورپر حقیقت سے انکار کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ میڈیا غیر ضروری طورپر ہراساں کررہا ہے ۔مقامی لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر اور ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی غیر سنجیدگی کا نوٹس لے کر عملی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
 

تازہ ترین