ٹی آر سی گراونڈ میںکرکٹ کافائنل میچ | بیبا کلب سے ہالڈے اِن کو دلچسپ مقابلے میں ہرادیا

تاریخ    22 نومبر 2021 (00 : 12 AM)   


نیوز ڈیسک
 سری نگر// (یو این آئی) جموں وکشمیر کے گرمائی دار لخلافہ سری نگر کے ٹی آر سی گراونڈ میں ٹی 20 کرکٹ میچ کا فائنل کھیلا گیا جس دوران شائقین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر محکمہ سیاحت کے کمشنر سیکریٹری نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں اور آنے والے وقت میں یہاں کے کھلاڑیوں کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنا لوہا منوانے کا بھر پور موقع فراہم ہوگا۔سری نگر کے ٹی آر سی گراونڈ میں ٹی 20 کرکٹ میچ کے فائنل میں بیبا کلب نے ہالڈے ان کو دلچسپ مقابلے میں ہرا دیا۔ہالڈے ان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 آوروں میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 139رن بنائے ۔ ہالڈے ان کی طرف سے منظور نے 53اور منیب مناف نے 28رن سکور کئے جبکہ بیبا کرکٹ کلب کی جانب سے اویس شاہ نے دو اور ہلال نے ایک وکٹ لی ۔بیبا کرکٹ کلب نے 17.5آوروں میں ہی 140رنز بنا کر ٹرافی پر قبضہ کیا۔میچ کے اختتام پر اویس شاہ کو مین آف دی میچ اور عمر نثار کو ٹورنمنٹ کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مین آف دی سریز سے نوازا گیا۔جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی اور 30ہزار جبکہ ہارنی والے کلب کو 15ہزار روپیہ اور ٹرافی دی گئی ۔میچ کے اختتام کے بعد مہمان خصوصی کمشنر سیکریٹری سیاحت سرمد حفیظ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ‘اس ٹورنمنٹ میں 32 ٹیموں نے حصہ لیا جنہوں نے اپنی کارکردگی سے سب کے دل جیت لئے ہیں’۔انہوں نے کہاکہ سبھی ٹیموں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کیونکہ کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔سرحد حفیظ کے مطابق کشمیری نوجوانوں کی جانب سے کھیل کود کی سرگرمیوں میں حصہ لینا خوش آئند اقدام ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہاں کے نوجوان کرکٹ سے زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں اور اسی کا نتیجہ ہے کہ آئی پی ایل میں کشمیر کے کھلاڑی سلیکٹ ہو رہے ہیں ۔کمشنر سیکریٹری نے مزید بتایا کہ کھیل کود کی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی دکھانے کے باعث یہاں کے نوجوان بہت جلد ملکی اور بین الاقوامی سطح منعقد کئے جانے والے ٹورنمنٹوں کیلئے منتخب ہونگے ۔
 

تازہ ترین