گاندربل اور چملواس میں سڑک حادثات،2شہری زخمی

تاریخ    22 نومبر 2021 (00 : 12 AM)   


ارشاداحمد+محمد تسکین
گاندربل+بانہال//گاندربل اور چملواس بانہال میں سڑک کے الگ الگ حادثات میں2شہری زخمی ہوگئے۔ کنگن شاہراہ پر نونر کے مقام پر محکمہ صحت سے منسلک ایمبولینس گاڑی کی ٹکر سے ایک مقامی شہری زخمی ہوا۔عینی شاہدین نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ محکمہ صحت سے وابستہ ایمبولینس گاڑی زیر نمبر JK02BW-7324 جو کنگن سے گاندربل کی جانب تیز رفتاری سے جا رہی تھی،نے نونر کے مقام پر 41 سالہ شہری غلام نبی ریشی ولد عبدلاحد ساکنہ ینگورہ گاندربل کو اس وقت ٹکر مار کر زخمی کر دیا جب وہ سڑک عبور کر رہا تھا۔اس موقعہ پر مذکورہ شخص کو اِسی ایمبولینس گاڑی میں سوار کرکے میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ منتقل کردیا گیا۔معاملے کی نسبت تھانہ پولیس گاندربل میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ۔ادھر سرینگرجموں شاہراہ پراتوار کو سڑک کے ایک حادثے میں ایک شخص زخمی ہوا۔پولیس کے مطابق شاہراہ پر چملواس کے قریب ایک وین اورٹیمپوٹرائولرمیں ٹکر ہوئی ،تاہم مسافرمعجزاتی طور بچ نکلے البتہ وین کاڈرائیور معمولی زخمی ہوا،اُسے فوری طور اسپتال لیجایا گیا جہاں اس کی حالت مستحکم ہے۔
 

تازہ ترین