جموں وکشمیر میں گوروپورب مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا

جموں میں سب سے بڑی تقریب بی بی چاندکور گوردوارہ میں منعقد،ہزاروں عقیدتمندوں کی شرکت

تاریخ    20 نومبر 2021 (00 : 01 AM)   


 جموں//جموں و کشمیر میں جمعہ کے روز سکھ مذہب کے بانی گورو نانک دیو جی کا 552 واں جنم دن مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا شری گورو نانک دیوجی گردوارہ چاند نگر جموں سمیت شہر کے تمام گردواروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ خطہ کے دوسرے اضلاع بشمول ادھم پور، کٹھوعہ اور سانبہ میں بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔اطلاعات کے مطابق صوبہ جموں میں ضلعی گوردوارہ پربندھک کمیٹیوں کی جانب سے صوبہ جموں کے سبھی گوردواروں میں 'گور پورب' کے موقع پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ اس سلسلے میں سب بڑی تقریب جموں کے بی بی چاند کور گوردوارہ میں منعقد ہوئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کرکے گوردوارہ میں ماتھا ٹیکہ اور ملک میں امن و امان اور خوشحالی کے لئے دعائیں مانگیں۔اس موقع پر راگی جتھوں نے بھجن کرتن کر کے عقیدتمندوں کو روحانی سکون فراہم کیا۔مقررین نے گورونانک دیو کی زندگی اور تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گورو نانک دیو جی ایک عظیم سنت تھے اور ان کی تعلیمات آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ثابت ہوگی۔ انہوں نے ملک میں آپسی بھائی چارے اور باہمی روا داری کے رشتوں کو مضبوط کرنے کے لئے گورو نانک دیو جی کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔ اس موقع پر خصوصی لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ادھر رام بن سے ایم ایم پرویز کے مطابق گرو نانک دیو جی کا 552 واں یوم پیدائش جمعہ کو رام بن ضلع میں مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔اس سلسلے میں گرودوارہ سنگھ سبھا بٹوت میں راگی جتھا نے اپنے شبد اور کتھا کیرتن سے عقیدت مندوں کو جوش دلایا۔رام بن ضلع گرودوارہ پر بندھک کمیٹی کے جنرل سکریٹری جنک سنگھ نے گرو نانک دیو جی کی زندگی اور تبلیغات پر روشنی ڈالی۔آخر میں عقیدت مندوں کو لنگر پیش کیا گیا۔ اس پرکاش اتسو سے پہلے نگر کیرتن کی پربھات پھیریاں صبح سویرے بٹوت بازار سے دس دن تک نکالی گئیں اور اس سے پہلے سنتوں نے دس دنوں تک سکھمنی صاحب جاپ کا اہتمام کیا۔دریںاثناءوادی کشمیر میںبھی جمعہ کی صبح سخت سردی اور ہڑتال کے باوجود سکھ برادری کے اراکین جو نئے کپڑے زیب تن کئے ہوئے تھے ، کا گردواروں اور دوسری مذہبی مقامات پردن بھر تانتا بندھا رہا۔سری نگر میں سب سے بڑی تقریب کوہ ماراں کے دامن میں واقع سکھوں کے مشہور چھٹی پادشاہی گردوارہ میں منعقد ہوئی ۔سکھ عقیدتمندوں کی بڑی تعداد جس میں خواتین اور بچوں کی خاصی تعداد شامل تھی، نے جمعہ کی صبح سے ہی اس گردوارے پر حاضری دینا شروع کی۔ اس موقع پر سکھ عقیدتمندوں کے لئے خصوصی لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔چھٹی پادشاہی گردوارہ تقریب کی طرز پر بارہمولہ، ترال، جواہر نگر، بڈگام، صنعت نگر، برزلہ اور وادی کے دوسرے مقامات پر بھی تقاریب کا انعقاد عمل میں آیا۔اس حوالے سے خصوصی تقریبات کا انعقاد جنوبی کشمیرکے بجبہاڑہ اور مٹن میں ہوا۔ 

تازہ ترین