تازہ ترین

سردی کی شدت،گلمرگ اور پہلگام میں منفی درجہ حرارت درج

دراس میں منفی 10ڈگری سیلشیس ریکارڈ

تاریخ    27 اکتوبر 2021 (00 : 01 AM)   


اشفا ق سعید
سرینگر //وادی میںغیر متوقع برفباری کے بعد شدید سردی کی وجہ سے پہلی بار درجہ حرارت منفی ریکارڈ کیا گیا ہے۔قریب 40سال کے بعد اکتوبر کے مہینے میں منفی درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔گذشتہ شب گلمرگ میں سب سے کم منفی 1.4ڈگری سیلسیس درجہ حرارت رہا جبکہ پہلگام میں منفی 1.7ڈگری درج کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ سب سے کم درجہ حرارت منفی 10ڈگری دراس میں درج ہوا، تاہم سرینگر میں درجہ حرارت قدرے بہتر رہا جو  7.4ڈگری ریکارڈ کیا گیا‘‘۔انہوں نے کہا’’موسمیاتی سسٹم کا تجزیہ کرنے کے بعد یہ پیش گوئی کی جاسکتی ہے کہ یکم نومبر کو دوبارہ بارشیں اور برفباری ہوسکتی ہے‘‘۔انہوں نے کہا’’ یکم نومبر کی شام سے دوئم نومبر کی دوپہر تک بارشوں کا بھی امکان ہے اور برفباری بھی متوقع ہے‘‘۔تاہم انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ میدانی علاقوں میں زیادہ تر بارشیں ہونگی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری ہوسکتی ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ فی الحال سسٹم یہی کچھ دکھا رہا ہے تاہم اس میں تبدیلی بھی آسکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دوئم نومبر کی دوپہر سے 7نومبر تک موسم ٹھیک رہے گا۔ادھرگذشتہ دنوں شوپیان اورپلوامہ کے بالائی علاقوں،کولگام اور کوکرناگ کے علاوہ گلمرگ، سونہ مرگ، پہلگام اور گریز میں درمیانہ درجے کی برفباری کے بعد وادی میں مطلع بدستور ابر آلود ہے۔پچھلے 3روز سے کھل کر دھوپ نہیں نکلی ہے ، جس کی وجہ سے سرد ہوائوں نے اپنے ڈھیرے ڈالے ہیں۔بالائی علاقے سردی کے لپیٹ میں آچکے ہیں۔
 

تازہ ترین