تازہ ترین

بھٹہ دھوریاں میں تصادم جاری

۔14ویں روز تلاشی کے دوران اسلحہ برآمد

تاریخ    27 اکتوبر 2021 (00 : 01 AM)   


سمت بھارگو+جاوید اقبال
راجوری // مینڈھر میں بھٹہ دھوریاں کے نار جنگلاتی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان جاری تصادم پیر کو مسلسل پندرہویں دن بھی جاری رہا اور فورسز نے اس مقام سے عسکریت پسندوں کا اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے۔یہ تصادم 12 اکتوبر کو چمر کے جنگلات میں شروع ہوا جس میں فوج کے 5 جوان مارے گئے جبکہ دوسرا تصادم 14 اکتوبر کو بھٹہ دھوریاں نار میں ہوا جس میں فوج کے4 جوان مارے گئے۔علاقے میں گزشتہ پندرہ دنوں سے انکا ئونٹر اور انسداد عسکریت پسندی آپریشن جاری ہے جس کے ساتھ جیل میں بند جنگجو ضیا مصطفی بھی مارا گیا لیکن اب تک جنگلات کے اندر عسکریت پسندوں کی موجودگی کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں ہیں۔دریں اثنا ء، پیر کو پولیس نے ایک سرکاری بیان میں کہا کہ علاقے میں تلاشی کے دوران کچھ اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ۔ ایس ایس پی پونچھ ڈاکٹر ونود کمار نے کہاکہ برآمد ہونے والے ہتھیاروں میں میگزین کے ساتھ ایک اے کے 47 ،انڈر فولڈ، 29 اے کے رانڈ، 2 دستی بم،4 بسکٹ کا پیکٹ، سلینگ، موزے، ٹی شرٹ پوری آستین، ریبوک جیکٹ، کمبل، ٹفن، جوتوں کے دو جوڑے اور ایک جوتا، 2 ڈیٹونیٹر اور 2 سرینج شامل ہیں۔