مرکزی وزیر مملکت امور خارجہ کا دورئہ بارہمولہ | ماحولیاتی توزان برقرار رکھنے کیلئے شجرکاری پر زور

تاریخ    27 اکتوبر 2021 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
بارہمولہ//جموں و کشمیر میں مرکزی حکومت کے عوامی رابطہ پروگرام کو جاری رکھتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت برائے امور خارجہ اور ثقافت میناکشی لیکھی نے بارہمولہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے عوامی اہمیت کی حامل کئی سرگرمیاں انجام دیں ۔ مرکزی وزیر مملکت نے گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری اسکول بارہمولہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شجرکاری مہم کا آغاز کیا جس کے دوران اسکول کے احاطے میں متعدد پودے لگائے گئے ۔ ڈپٹی کمشنر بارہمولہ بھوپندر کمار نے دیگر متعلقہ افسران کے ساتھ شجرکاری مہم میں حصہ لیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر نے تمام محکموں پر زور دیا جو اس مہم میں حصہ لینے کیلئے وہاں موجود تھے کہ ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کیلئے اچھی خاصی تعداد میں درخت لگائے جائیں جو کہ ایک صحت مند اور ترقی پسند معاشرے کیلئے بہت ضروری ہے ۔ وزیر نے افسران پر زور دیا کہ وہ اس باوقار پروگرام کا حصہ بنیں اور شجرکاری مہم کو کامیاب بنائیں ۔ انہوں نے دیگر تمام دفاتر اور اداروں کے احاطے میں بھی زیادہ سے زیادہ پودے لگانے پر زور دیا ۔ مزید براں وزیر کو بتایا گیا کہ آنے والے دنوں میں ضلع کے مختلف سرکاری دفاتر ، اسکولوں ، پنچائت گھروں اور دیگر اداروں میں اچھی تعداد میں درخت لگائے جائیں گے ۔ شجرکاری مہم کی قیادت کرنے کے بعد وزیر نے این ای ای ٹی کوالیفائیرز کو بھی مبارکباد دی ۔ وزیر نے ان طلبا کی کارکردگی کی تعریف کی اور ان پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے شعبوں میں سخت محنت کریں ۔ اس دوران مختلف ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے جن میں خطے کے ثقافتی تنوع اور ورثے کی عکاسی کی گئی ۔ قبل ازیں وزیر نے دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ڈی ڈی سی کے اراکین ، بی ڈی سی چئیر پرسنز ، ایم سی کے صدور اور پی آر آئی کے ساتھ ایک انٹرایکٹو میٹنگ کی اور ان کی ترقی کی خواہشات اور خدشات کو سُنا ۔ اس موقع پرمتعلقین نے اپنی شکایات کا جائیزہ لیا اور معاشرے کی مجموعی ترقی کیلئے اپنے مطالبات پیش کئے ۔ مرکزی وزیر مملکت نے انہیں غور سے سُنا اور پی آر آئیز کے ساتھ ہونے والی میٹنگ پر خوشی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کا جموں و کشمیر کی ترقی کا خواب ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ آؤٹ ریچ پروگرام حکومت نے لوگوں کے بنیادی مسائل کو جاننے کیلئے شروع کیا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ وفود کی جانب سے پیش کئے گئے مطالبات اور شکایات کا نوٹس لیا گیا ہے اور ان کے بروقت ازالے کیلئے انہیں مناسب حکام کے سامنے رکھا جائے گا ۔ اس موقع پر وائس چئیر پرسن جے کے کے وی آئی بی ڈاکٹر حنا شفیع بٹ ، ڈپٹی کمشنر بارہمولہ بھوپندر کمار ، ڈی ڈی سی ممبران ، بی ڈی سی کے چئیر پرسن ، ایم سی صدور اور پی آر آئیز موجود تھے ۔ 
 

تازہ ترین