مزید خبریں

تاریخ    22 اکتوبر 2021 (00 : 01 AM)   


پیر پنچال میں سیکورٹی ایجنسیاں متحرک 

خطہ میں متعدد ملی ٹینٹ گروپوں کی موجودگی کا خدشہ 

سمت بھارگو 
راجوری //خطہ پیر پنچال میں گزشتہ دنوں پیش آئے واقعا ت و ملی ٹینٹوں کے حملوں کے بعد سیکورٹی ایجنسیاں پوری طرح سے متحرک ہو گئی ہیں جبکہ سیکورٹی ایجنسیوں کو خدشہ ہے کہ خطہ میں متعدد ملی ٹینٹ گروپوں کیساتھ ساتھ کچھ کمانڈر بھی موجود ہیں ۔انہوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ دونوں سرحدی اضلاع میں گزشتہ کچھ عرصہ میں ملی ٹینسی سے متعلق واقعات میں مسلسل اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے جبکہ مذکورہ کارروائیاں کسی ایک گروپ کی جانب سے نہیں ہو سکتی بلکہ مزید گروپ بھی موجود ہو سکتے ہیں ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کا ایک گروپ بھا ٹہ دھوڑیاں اور طو طا گلی جنگلات میں محاصرے میں موجود ہے تاہم اس کے علاوہ بھی خطہ میں دوسرے گروپ موجود ہو سکتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا ہے جس کے بعد سیکورٹی فورسز کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دیرہ گلی اور بھاٹہ دھوڑیاں میں ہونے والے انکائونٹر وں سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ملی ٹینٹ تربیت یافتہ ہونے کیساتھ ساتھ ان کے پاس بھاری اسلحہ بھی موجود ہے ۔انہوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ دونوں اضلاع میں ملی ٹینٹوں کا کوئی کمانڈر بھی موجود ہوسکتا ہے ۔
 
 

مقامی لوگوں کو بنیادی سہولیات کی قلت کا سامنا 

جاوید اقبال 
مینڈھر //بھاٹہ دھوڑیاں علاقہ میں شروع ہوئے طویل آپریشن کے دوران اب مکینوں کو بنیادی سہولیات کی قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔بھاٹہ دھوڑیاں ،ناڑ اور سنگیوٹ کے مکینوں نے بتایا کہ انکائونٹر کی وجہ سے علاقہ میں سبھی دکانیں بند کر دی گئی ہیں جبکہ راشن سٹور بھی گزشتہ کئی دنوں سے مسلسل بند ہو ئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ جہاں عام لوگ اس وقت گھاس اور فصلوں کی کٹائی میں مصروف تھے وہائیں ان کے پاس راشن ودیگر بنیادی سہولیات بھی کم ہو تی جارہی ہیں لیکن علاقہ میں نقل و حرکت بند ہونے کی وجہ سے ان کی مشکل مزید بڑھتی جارہی ہے ۔غور طلب ہے کہ خطہ پیر پنچال میں چلے رہے طویل ترین انکائونٹر کی وجہ سے جموں پونچھ شاہراہ کو بھمبر گلی تا جڑانوالی گلی گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کر دیا گیا ہے جبکہ علاقہ میں قائم کردہ تجارتی مراکز کو بھی گزشتہ آٹھ روز سے بند کیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ گاڑیوں کو جڑانوالی گلی سے بھاٹہ دھوڑیاں مارکیٹ تک چھوڑا جائے تاکہ لوگوں کیلئے ضروری ساز و سامان پہنچایا جاسکے ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ غریبوں کیلئے راشن کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔
 
 
  

پر نئی پروجیکٹ مزدور یونین کا پٹیل کمپنی کیخلاف احتجاج 

بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ کے درابہ علاقہ میں قائم پرنئی پروجیکٹ میں کام کررہے مزدوروں نے مزدور یونین کے بینر تلے کمپنی کیخلاف احتجاج کیا ۔مزدوروں نے بتایاکہ کمپنی کی جانب سے قاعدہ کے تحت ان سے پورا کام لیا جارہا ہے لیکن وقت پر تنخواہ ہی نہیں دی جارہی ہے جس کی وجہ سے ان کے مسائل میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے ۔مزدوروں نے کمپنی منتظمین پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی عرصہ سے ان کیساتھ اس طرح کا روایہ اختیار کیا گیا ہے لیکن وہ اس کے باوجود کام کرنے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ وہ محنت و لگن کیساتھ اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی ان کو وقت پر تنخواہ نہیں دی جارہی ہے ۔مزدوریونین کے صدر نے بتایا کہ مزدور طبقہ کیساتھ نا انصافیاں کی جارہی ہیں لیکن حکام کی جانب سے بھی کمپنی کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ۔مزدوروں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ مزدوروں کیساتھ ہونے والی نا انصافیوں کا نوٹس لیا جائے اور اس معاملہ کو سنجیدگی کیساتھ لیتے ہوئے ان کی مشکل کو حل کروایا جائے ۔
 
 
 

پٹھانہ تیر ۔گورسائی سڑک پر بلیک ٹاپنگ کا عمل شروع 

جاوید اقبال 
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے پٹھانہ تیر علاقہ کو گور سائی کیساتھ جوڑنے والی رابطہ سڑک پر تار کول بچھانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جس پر مقامی لوگوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس عمل سے ان کو دوران آمد روفت سہولیات میسر ہو نگی ۔محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے زیر تحت تعمیر ہونے والی رابطہ سڑک کا افتتاح 2009میں کیا گیا تھا لیکن زمینی کٹائی کے بعد اس پروجیکٹ کو یوں ہی چھوڑ دیا گیا تھا لیکن اب متعلقہ محکمہ کی جانب سے اس کومکمل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔مقامی لوگوں نے ٹھیکیدار شیراز اظہری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے محنت و لگن کیساتھ کام کیا ہے ۔غور طلب ہے کہ پٹھانہ تیر تا گورسائی رابطہ سڑک کی مدد سے علاقہ کی ایک وسیع آبادی کو فائدہ پہنچے گا جبکہ مقامی پنچایتی اراکین اور معززین نے سابقہ ممبر اسمبلی مینڈھر جاوید رانا اور مقامی سرپنچ شعبان علی خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ان کی محنت سے برسوں سے التوا کا شکار ہو ئی رابطہ سڑک کو مکمل کرنے کا عمل شروع کیا گیا ہے ۔
 
 
 
 

کووڈ ویکسین کا سو فیصد ہدف حاصل

راجوری میں ملازمین کی حوصلہ افزائی کی گئی 

پرویز خان 
منجا کوٹ //راجوری ضلع میں کووڈ ویکسین کی پہلی خوراک کا سو فیصد ہدف حاصل کرنے کے بعد محکمہ صحت کے اعلیٰ آفیسران کی جانب سے ملازمین و ڈاکٹروں کی حوصلہ افزائی کی گئی ۔اس سلسلہ میں گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں کمیونٹی میڈیسن شعبہ کی جانب سے ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر برج موہن او ر میڈیکل سپر نا ٹینڈنٹ ڈاکٹر محمود بجاڑ،ایچ او ڈی کمیونٹی میڈیسن ،ڈاکٹر شجا قادری کیساتھ ساتھ دیگران بھی موجود تھے ۔اس دوران مقررین نے محکمہ صحت کی جانب سے کووڈ کے دوران کئے گئے کام پر روشنی ڈالتے ہوئے محکمہ کے ملازمین کی حوصلہ افزائی کی ۔انہوں نے کہاکہ ملازمین کی محنت و لگن کی وجہ سے کووڈ ویکسین کی پہلی خوراک لگنے کے سلسلے میں سو فیصد نتائج حاصل کر لئے گئے ہیں ۔
 
 
 
 
 

تازہ ترین