سی سی ٹی وی کیمرے لگانے میں تاخیر

معززین و سماجی شخصیات نے برہمی کا اظہارکیا

تاریخ    22 اکتوبر 2021 (00 : 01 AM)   


حسین محتشم
پونچھ//پونچھ شہر میں سات سے آٹھ سال قبل سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے لئے بڑے بڑے ٹاور کھڑے کئے گئے تھے لیکن تاحال ان پر کیمرے نہیں لگائے گئے ہیں۔شہر میں موجودہ حالات کے دوران بھی سی سی ٹی وی کیمرے لگانے میں تاخیر پر سماجی وسیاسی لوگ برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ یہ سی سی ٹی وی لگانے کا فیصلہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے کیا گیا تھا ۔ اس دوران ضلع انتظامیہ اور ضلع پولیس نے شہر کے حساس علاقوں میں ٹاور لگوائے تو تھے لیکن ان کویوں ہی چھوڑ دیا گیا ۔ شہر میں لگائے گئے یہ متعدد ٹاور بجائے سی سی ٹی وی کیمروں کے جھنڈے لگانے کے لئے استعمال کئے جا رہے ہیں۔ ایڈوکیٹ سنجے رینا نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سمجھ نہیں آرہی ہے کہ کیمرے لگانے میں کیوں تاخیر کی جارہی ہے ۔انھوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کے لئے نہایت ضروری ہے کہ سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں ۔انھوں نے مزید کہا کہ پونچھ شہر میں چوری کی وارداتیں عام ہو رہی ہیں، کبھی مندروں کے، کبھی گردواروں کے اور کبھی مسجدوں اور خانقاہوں کے سیف توڑے جارے ہیں۔مقامی معززین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد پونچھ قصبہ میں کیمرے لگائے جائیں ۔
 

 

تازہ ترین