ناڑ دھوڑیاں میں ہائی سکول کی اضافی عمارت کی تعمیر کا معاملہ

غیر معیاری سازو سامان استعمال کرنے کا الزام ،جانچ کا مطالبہ

تاریخ    22 اکتوبر 2021 (00 : 01 AM)   


جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر سب ڈویژن کے ناڑ دھوڑیاں علاقہ کے مکینوں نے محکمہ تعلیم و مقامی انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ گورنمنٹ ہائی سکول ناڑ دھوڑیاں کی اضافی عمارت کی تعمیر میں مبینہ طورپر غیر معیاری ساز و سامان استعمال کیا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں متعلقہ محکمہ کی جانب سے سکول میں بچوں کی سہولیت کیلئے اضافی عمارت کی تعمیر شروع کروائی تھی تاہم اس میں سیمنٹ کیساتھ ساتھ دیگر غیر معیاری ساز و سامان استعمال کیا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ تعمیرات کیساتھ ساتھ سرکاری عمارتوں کی تعمیر کے سلسلہ میں بنائے گئے قاعدہ کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔غور طلب ہے کہ ہائی سکول میں اس وقت دو سو سے زائد طلباء زیر تعلیم ہیں جبکہ علاقہ میں گنجان آبادی ہونے کی وجہ سے بچوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے تاہم بچوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے عمارت کی توسیع شروع کی گئی ہے اور اس سلسلے میں ایک عمارت کی تعمیر کا عمل بھی جاری ہے ۔مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری خزانے کو چونا لگانے کی کوششیں جارہی ہیں جبکہ اس عمل میں متعلقہ شعبہ کے ملازمین بھی مبینہ طورپر ملوث ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ عمارت کی دیواریں پہلے ہی تعمیر کر دی گئی ہیں جبکہ ابھی تک پیلر تعمیر نہیں ہوسکے ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ تعمیر اتی عمل کا معائینہ کروانے کیلئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جائے تاکہ غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکے ۔
 

تازہ ترین