عسکری سرگرمیوں میں اضافہ ،سرحدی دیہات میں دفاعی کمیٹیاں کی اہمیت میں اضافہ

ہتھیار چلانے میں مہارت بڑھانے کیلئے فوج کی جانب سے تربیتی ورکشاپوں کا اہتمام جاری

تاریخ    22 اکتوبر 2021 (00 : 01 AM)   


سید امجد شاہ
 جموں //جموں و کشمیر میں ملک دشمن عناصر کی حالیہ کوششوں میں اضافے کے خلاف ولیج ڈیفنس کمیٹیوں (وی ڈی سی) نے سرحدی دیہات میں اہمیت اختیار کر لی ہے۔دریں اثناء فوج ہتھیاروں کی مہارت اور اہداف پر فائرنگ کو بہتر بنانے کے لیے خطے کے مختلف مقامات پر وی ڈی سی کے لیے ورکشاپس کا انعقاد جاری رکھے ہوئے ہے۔فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ "سرحدی دیہات میں زمینی سطح پر دیہاتیوں کی فوری حفاظت کے علاوہ قومی اور علاقائی سلامتی کے لیے وی ڈی سی کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ سویلین علاقوں میں دیہی دفاعی کمیٹیوں کی مضبوط موجودگی ہے جو عسکریت پسندی کی روک تھام کا کام کرتی ہے۔ وہ علاقے اور معصوم جانوں کے تحفظ میں مدد کرتے ہیں‘‘۔ ترجمان نے کہا کہ وقتاًفوقتاً علاقے کے وی ڈی سی کو ہتھیاروں کے ساتھ بلایا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنے ہتھیاروں کے ساتھ مختلف علاقوں میں طے شدہ ورکشاپس میں شرکت کریں۔دفاعی ترجمان نے کہا "ہم ان کے ہتھیاروں کی جانچ کرتے ہیں اور ہتھیاروں کو سنبھالنے میں ان کی مہارت کو بہتر بناتے ہیں اور فائرنگ کی صلاحیتوں میں بہتری لاتے ہیں تاکہ ان کے اعتماد کی سطح کو بڑھایا جا سکے ، اپنے دفاع کی صلاحیتوں کو بہتر بنایا جا سکے اور اس کے نتیجے میں سرحدی دیہات کی حفاظت کو بڑھایا جا سکے"۔انہوں نے مزید کہا کہ دفاعی کمیٹی ممبران کے لیے اسی تربیت کا اہتمام اکھنور میں اکتوبر کے پہلے ہفتے میں کیا گیا تھا اورآج یعنی (22 اکتوبر) یہ نوشہرہ (راجوری) میں منعقد کی جائے گی۔ان کے مطابق فوج نے ضلع ریاسی میں مکھی دھر کے وی ڈی سی ممبروں کے لیے انٹرایکٹو مہارت کی تربیت دی۔ورکشاپ کے دوران دفاعی ممبران نے ہتھیاروں کی ہینڈلنگ میں اپنی تربیت کی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ترجمان نے کہا کہ فوج نے VDCs کے ارکان کی اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے میں مدد کی اور VDC کے کردار پر زور دیا۔دفاعی ترجمان نے مزید کہا "ان سکیموں کا مقصد سرحدوں کے ساتھ شناخت شدہ دیہاتوں میں رضاکاروں سے مسلح شہریوں کے ایک چھوٹے سے گروپ کو منظم کرنا ہے اور ساتھ ہی تخریب کاری اور سرحد پار نقل و حرکت، عسکریت پسندی کی کارروائیوں سے نمٹنے کے لیے سیکورٹی فورسز کی جاری کوششوں کو پورا کرنا ہے۔ انہوںنے کہا’’قومی سلامتی اور سالمیت کو درپیش خطرات کو ناکام بنانے کی کوششوں میں فعال طور پر حصہ لینے کے لیے VDC لوگوں کی مرضی کا مظہر ہے۔ یہ ریفریشر ٹریننگ پروگرام ہتھیاروں کی ہینڈلنگ ، صفائی ستھرائی ، گولی چلانے کی پوزیشن اور ہتھیاروں کی معمولی مرمت کو مضبوط کرتے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ یہ ورکشاپس فوج اور عوام کے مابین تعلقات کو بڑھانے کے لیے منعقد کی جا رہی ہیں۔فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ "یہ دیہاتیوں کے رضاکارانہ شرکت ، ان کے گھر اور چولہے کی حفاظت ، خطے میں امن اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے سے حوصلہ بڑھاتا ہے۔"
 

تازہ ترین