تازہ ترین

مزید خبریں

تاریخ    22 اکتوبر 2021 (00 : 01 AM)   


بڈگام میں نانوائی پر دوبارہ سیفٹی ایکٹ عائد

  سری نگر//بڈگام میں پولیس نے چند ماہ قبل جیل سے رہائی پانے والے ایک نوجوان کو دوبارہ پی ایس کے تحت جیل بھیج دیا ہے ۔اس دوران افراد خانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا بیٹا بے گناہ ہے جو غریب کنبے کا واحد سہارا ہے جس کو فوری طور رہا کیا جانا چاہے۔ کے این ایس کے مطابق پکھرپورہ بڈگام کا رہائشی معراج الدین کمار کو پولیس نے گزشتہ دنوں تھانے بلایا اور اسے دوسرے تھانے لے جایاگیا جہاں سے اسے جمعرات کو پی ایس اے کے تحت جیل بھیج دیا گیا ہے ۔مذکورہ نوجوان کے کنبہ نے میڈیا کو بتایا معراج ایک غریب ہے اور نانوائی کا کام کر کے اپنے بچوں اور معمر والدین کی کفالت کرتا ہے ۔انہوں نے روتے بلکتے ہوئے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سامنے دعویٰ کیا ہے ان کا بیٹا کسی بھی ملک دشمن کارروائی میں ملوث نہیں ہے ۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ ان کے بیٹے کو رہائی کیا جائے کیوں کہ وہ کنبے کا واحد کفیل ہے یا ان کے تمام افراد کو بھی جیل میں بند کیا جائے ۔افراد خانہ نے آنسوں بہاتے ہوئے بتایا ان کے بیٹے کو پہلے بھی اسی طر ح جیل بھیج دیا گیا اور8ماہ قبل اس کو رہا گیا تھا ۔ خیال رہے اس سے قبل ضلع پلوامہ میں بھی 10افراد پر پی ایس کا اطلاق عائد کیا گیا ہے ۔ 
 

ترال میں اریگیشن ٹھیکدار مالی مشکلات سے دو چار 

ایک سال سے بلیں واجب الادا، ایل جی سے فریاد 

سید اعجاز 
 
ترال//ترال میںمحکمہ اری گیشن کاکام کرنے والے مقامی ٹھیکیداروںنے علاقے میں ایک سال قبل مختلف کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا  تاہم تاحال بلیں واگزار نہ کرنے سے وہ سخت مالی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ ٹھیکیداروں کاکہنا ہے کہ گزشتہ سال انہوں نے مارچ میں کام کیا جس کے لئے انہوں نے مزدروں اور باقی لوگوں کی ادائیگی کے لئے قرضہ لیا جس کو اب وہ ادا نہیں کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کام کرتے وقت انہیں بتایا گیا کہ یہ ہدف مکمل کرنے کی اشد ضرورت ہے اس لئے کام کو مکمل کرنا ہے جس کے بعد رقومات واگزار کی جائینگی۔ انہوں نے کہا کہ 8ماہ گزر جانے کے باوجود لاکھوں روپے مالیت کی بلیں واگزار نہیں کی جارہی ہیں جس کے سبب وہ سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس حوالے سے محکمہ کے چیف انجینئر اورایل جی منوج سنہا سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔محکمہ کے ایگزیکٹو افسر نثار احمد کار نے رقومات کی واجب الادا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے تمام لوازمات اس حوالے سے پورے کر کے محکمے کے پاس جمع کئے ہیں اور فنڈس واگزار ہونے کے ساتھ ہی تمام بلیں واگزار کی جائیگی۔انہوں نے بتایا مجھے امید ہے کہ معاملہ بہت جلد حل ہو گا ۔
 

بونیار سڑک حادثہ میں زخمی نوجوان فوت 

ظفر اقبال
 
اوڑی//بونیار میں سڑک حادثہ میں زخمی ہوا نوجوان موت و حیات کی کشمکش میںمبتلارہنے کے بعد زندگی کی جنگ ہار گیا۔ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے پہلی پورہ بونیار میں بدھ کو سڑک کے ایک حادثہ میں 23 سالہ نوجوان زخمی ہوا تھا۔ اعجاز احمد شیخ کو ایک ماروتی کار زیر نمبر JK05B/7717سڑک سے پلٹ گئی جس کے باعث دوسرا شہری بھی زخمی ہوا تھا۔اعجاز احمد کو سکمز صورہ منتقل کیاگیا جہاں وہ جمعرات کی سہ پہر دم توڑ بیٹھا۔ 
 
 
 

معدنیات کی سرکاری قیمتیں یقینی بنائیں

ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ کی افسران کو ہدایت 

بانڈی پورہ//ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ، ڈاکٹر اویس احمد نے جمعرات کو ڈسٹرکٹ لیول ملٹی ڈیپارٹمنٹل ٹاسک فورس کی میٹنگ کی صدارت کی تاکہ معدنیات اور پروسیسڈ معدنیات کی شرح کو کنٹرول کیا جا سکے۔انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ معمولی اور پروسس شدہ معدنیات کی مارکیٹ ریٹ میں اضافے کو روکیں اور سرکاری نوٹیفائیڈ ریٹ پر اس کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔کمیٹی میں ڈی ایف او بانڈی پورہ ، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ، ڈسٹرکٹ منرل آفیسر ، جل شکتی ڈیپارٹمنٹ برائے سنبل اور بانڈی پورہ کے ایگزیکٹو انجینئر شامل ہیں۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر نے ممبران کو ہدایت کی کہ وہ نرخوں کو معقول بنانے کی کوشش کریں اور ضلع میں معمولی اور پروسس شدہ معدنیات کے نرخوں پر نظر ثانی کریں تاکہ اس طرح کے معدنیات کی مناسب اور سرکاری نوٹیفکیشن کی شرح پر دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔
 

میڈیکل کالج بارہمولہ میں’چھاتی کے کینسر‘ پر آگاہی پروگرام 

بارہمولہ//گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) بارہمولہ میںچھاتی کے کینسر سے متعلق ایک آگاہی پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ پروگرام کے دوران سماج کے مختلف طبقات کی نمائندگی کرنے والے ڈاکٹروں ، نرسوں ، میڈیکل طلباء  اور آشا ورکروں سمیت دیگر متعلقہ عہدیداروں نے شرکت کی۔آگاہی پروگرام کا نعرہ 'کینسر کو جانیں ، کینسر کیلئے نہیں' کے طور پر طے کیا گیا تھا جس میںماہرین نے چھاتی کے کینسر کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی جو خواتین میں سب سے عام کینسر ہے اور دنیا میں صحت عامہ کے اہم مسائل میں سے ایک ہے۔اس موقع پر معروف کینسرسپیشلسٹ ڈاکٹر شاد سلیم نے چھاتی کے کینسر کی جلد تشخیص کی اہمیت کے بارے میں بات کی۔شعبہ اونکولوجی کے سربراہ پروفیسر محمد مقبول نے کشمیر میں بریسٹ کینسر کے منظر نامے کے بارے میں بات کی اور معاشرے کے تمام شعبوں کیلئے آگاہی پروگراموں کی اہمیت کو اجاگر کیا اور ان آگاہی پروگراموں کو معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔دریں اثنا ، کالج کی پرنسپل  پروفیسر (ڈاکٹر) ربی ریشی نے کالج میں اس طرح کے پروگراموں کا انعقاد اور ان کو دور دراز علاقوں اور شمالی کشمیر کے ملحقہ علاقوں کو وسیع تر کمیونٹی میں لے جانے کی اہمیت پر غور کیا۔ انہوں نے سامعین پر زور دیا کہ وہ نیشنل کینسر کنٹرول پروگرام اور آیوشمان بھارت صحت اسکیم کے تحت فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں آگاہی پھیلائیں جس میں لوگوں کی صحت کو اولین ترجیح دی جارہی ہے۔
 

بیوروکریسی مکمل طور جوابدہ نہیں:وکیل

جموں وکشمیر میں عوامی حکومت وقت کی اہم ضرورت

  سر ینگر// پیپلز کانفرنس کے نائب صدر عبدالغنی وکیل نے جمعرات کو جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ یہاں کے لوگوں اور حکومت کے درمیان بڑھتی ہوئی دوریوں کو ختم کرنے کے لیے اعتماد سازی کے اقدامات شروع کرے۔ وکیل نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ایک تشویشناک رجحان ہے جو اس وقت دیکھا جا رہا ہے کہ انتظامیہ پوری طرح سے لوگوں کے لیے ناقابل رسائی بن چکی ہے اور جموں و کشمیر کے عوام کو بڑے پیمانے پر پریشانیوں میں ڈال دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی مکمل طور پر جوابدہ نہیں ہے جو لوگوں کی تکالیف دور کر نے اور ان بنیادی ضروریات پورے کرنے کے سلسلے میں مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی حکومت کی اتنی ضرورت کبھی محسوس نہیں کی گئی جیسے کہ آج جموں و کشمیر میں محسوس کی جا رہی ہے اور اگر حکومت ہند ریاست میں جمہوریت کے ادارے مضبوط بنانا چاہتی ہے تو اسے مروجہ بیوروکریٹک راج کو ختم کرنا ہوگااور عوامی حکومت کے لئے بغیر کسی تاخیر کے اقدامات کرنے چاہئیں۔ وکیل نے کہاکہ لوگوں کا اعتماد دوبارہ حاصل کرنے اور ان کے دلوں کو جیتنے کیلئے مرکزی حکومت کو جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ واپس بحال کرنے کے ساتھ ساتھ سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا ہوگا تاکہ کسی بڑے بحرانی ماحول میں جمہوری عمل کو پھلنے پھولنے سے پہلے ہی اس کا فائدہ ہو۔ پی سی نائب صدر نے مزید کہا کہ بڑے پیمانے پر گرفتاریوں ، موٹر سائیکلوں کی ضبطی ، حفاظتی اقدامات کو بے ترتیب کرنے کے اقدامات سے زمین سطح پر منفی اثرات پڑسکتے ہیںلہٰذاحکومت کو جموں و کشمیر کے سکیورٹی منظر نامے پر اپنے نقطہ نظر پر نظرثانی کرنی چاہئے۔
 

نالہ بل نوشہرہ میں

آ ج مفتی نذیر احمدقاسمی 

کا خطاب 
سرینگر// دارالعلوم رحیمیہ کے صدر مفتی، مفتی نذیر احمد قاسمی آ ج یعنی جمعتہ المبارک کو مرکزی مسجد شریف نالہ بل نوشہرہ میں خطاب کریں گے۔ مفتی نذیر کا خطاب سوا بارہ بجے شروع ہوگا اور نماز جمعہ حسب معمول ایک بجکر پانچ منٹ پر ادا ہوگی البتہ نماز جمعہ کے فوراً بعدمفتی موصوف دوبارہ خطاب کریں گے۔ انتظامیہ کمیٹی مرکزی مسجد شریف نالہ بل نوشہرہ کی طرف سے عوام سے شرکت کی استدعا کی گئی ہے۔
 

فوڈ آرگنائزیشن سے لائسنس حاصل کریں

شیر گجری ویلفیئر فورم کی تاجروں کو اطلاع

سرینگر // دودھ فروشوں کی انجمن شیر گجری ویلفیئر فورم نے وادی میں دودھ اور دودھ سے بنی اشیاء کا پرچون کاروبار کرنے والے ڈیلروں ، جو سالانہ 12لاکھ روپے کی تجارت کرتے ہیں ،کو مطلع کیا ہے کہ وہ فوڈ آرگنائزیشن سے لائسنس حاصل کریں ۔انہوں نے مزید کہا کہ دودھ کا پرچون اور ہول سیل کاروبار کرنے والے ڈیلر خود کو فوڈ سیفٹی آرگنائزیشن میں رجسٹر کرائیں ۔ مذکورہ انجمن کا کہنا ہے اگر کسی نے کوئی خلاف ورزی کی تو وہ فوڈ سیفٹی آرگنائزیشن قانون کے تحت ان کے خلاف کارروائی کرنے کی مجاز ہو گی اور فورم اس کیلئے ذمہ دار نہیں ہو گا ۔
 

شوپیان میں مارا گیا  اہلکار 

لیفٹیننٹ جنرل پانڈے کا خراج عقیدت

نیوز ڈیسک
سرینگر//فوج کی 15 کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے نے جمعرات کو ضلع شوپیاں میں جنگجوئوں کے ساتھ تصادم آرائی میں ایک اہلکار سپاہی کرن ویر سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ جنگجوئوں کی موجودگی کے بارے میں مخصوص معلومات پر عمل کرتے ہوئے 20 اکتوبر کی صبح مشترکہ طور پر محاصرہ اور تلاشی آپریشن شروع کیا گیا اور جنگجوئوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں اہلکارشدید زخمی ہوا اور بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔انہوں نے بتایا کہ مقابلے کے دوران2جنگجو بھی  جاںبحق ہوئے اور ایک اے کے رائفل ، ایک یو بی جی ایل اور دیگر جنگی ساز و سامان برآمد ہوئے۔کرن ویرسنگھ (25) نے 2015 میں ہندوستانی فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔ فوجی حکام نے بتایا کہ سنگھ کی نعش آخری رسومات کیلئے ان کے آبائی علاقہ روانہ کی گئی ، جہاں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آخری رسوم ادا کئے جائیں گے ۔
 

ہینڈی کیپڈ ایسو سی ایشن کا بارہمولہ میں کیمپ

اشیائے خوردنی اور سلائی مشینیں تقسیم

بارہمولہ//جموں و کشمیر ہینڈی کیپڈ ایسوسی ایشن نے گورنمنٹ ڈگری کالج بارہمولہ میں مختلف چیزیں تقسیم کرنے کیلئے ایک کیمپ کا انعقاد کیاگیا۔کیمپ کی صدارت کالج کے سربراہ(ایچ او ڈی) باٹونی پروفیسر اے ایم چالکو نے کی جبکہ ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر ، ایسوسی ایشن کے کوآرڈی نیٹر ، ہیومن ایڈ چیئرپرسن بارہمولہ ، صدر جے کے ایچ اے کے علاوہ دیگر لوگ اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ ایسوسی ایشن جموں و کشمیر میں غربت کی لکیر سے نیچے کے افراد بالخصوص خواتین کو بااختیار بنانے اور معذوروں ، یتیموں کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہے۔کیمپ کے دوران ، سوپور اور بارہمولہ علاقوں کے تربیت یافتہ کارکنوں میں کھانے کے کٹاور 12 سلائی مشینیں تقسیم کی گئیں جنہوں نے مذکورہ تنظیم کے زیر انتظام تربیتی مراکز میں تربیت حاصل کی تھی۔
 

الطاف بخاری کا غلام رسول غیور کو برسی پرخراج عقیدت

سرینگر//اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے پارٹی لیڈر شوکت غیور کے والدغلام رسول غیور کو16ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ۔ ایک بیان میں بخاری نے غلام رسول غیور کو معروف دانشور، ماہر تعلیم اور لوگوں کی خدمت کرنے والاشخص قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ’مرحوم غیور ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے جنہیں بطور معروف ادیب، شاعر اور صحافی ہرکوئی جانتا ہے، وہ ایک معروف سماجی کارکن بھے تھے جنہیں بعد از مرگ ’صوت ِ کشمیر ‘کاخطاب بھی دیاگیاتھا۔ بخاری نے کہاکہ بدقسمتی سے اِس عظیم آواز کو 22اکتوبر2005کو آبائی گاؤں رتنی پورہ پلوامہ میں نامعلوم بندوق برداروں نے خاموش کر دیا لیکن مختلف شعبہ جات میں اُن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ اپنی پارٹی لیڈر شپ نے بھی اُن کی خدمات کو سراہتے ہوئے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی ہے۔
 

بانڈی پورہ میں قانونی جانکاری کیمپ

لیگل سروسز اتھارٹی نے اہتمام کیا تھا

عازم جان 
 
بانڈی پورہ//ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی بانڈی پورہ نے اسسٹنٹ کمشنر پنچایت بانڈی پورہ کے اشتراک سے منی سیکریٹریٹ کے کانفرنس حال میں ایک روز لیگل ایڈ جانکاری کیمپ کا اہتمام کیا ۔ لیگل سروسز اتھارٹی بانڈی پورہ کی سیکریٹری (سب جج) فارقہ نذیر نے جانکاری  کیمپ کی صدارت کی اور اے ڈی سی بانڈی پورہ ظہور احمد میر نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ اسسٹنٹ کمشنر پنچایت بانڈی پورہ ،بی ایم او ، اسٹنٹ لیبر کمشنر اوردیگر افسران سمیت آشاورکر ،پنچایتی اراکین اور ڈی ڈی سی نائب چیئرپرسن بھی کیمپ میں موجود تھے ۔اس موقع پرکئی بزرگ خواتین کو ویل چیئرفراہم کی گئیں اور مقررین نے قانونی امداد پرسیرحاصل روشنی ڈالی ۔
 
 
 

تازہ ترین