مرکزی وزیر مملکت شانتو ٹھاکر کا مارتنڈ میں سورج مندر کا دورہ

اچھہ بل میں آکسیجن پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا

تاریخ    22 اکتوبر 2021 (00 : 01 AM)   


اننت ناگ//مرکزی وزیرجہازرانی، بندرگاہیں اور واٹر ویز شانتو ٹھاکر نے پہلگام کا 2روزہ دورہ جاری رکھتے ہوئے مار ٹنڈ سورج مندر کا دورہ کیا ۔مرکزی وزیر کو جانکاری دی گئی کہ سورج مندر دُنیا کے سب سے قدیم مندروں میں ایک ہے اور کونارک اور موڈیر سورج مندروں سے بہت پرانا ہے۔مرکزی وزیر مملکت نے ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ مندر کو سیاحتی نقشے پر لانے کے لئے ضروری اِقدامات کریں ۔ اُنہوں نے کہا کہ مندر ایک اہم آثار قدیمہ کی یاد گار ہے اور اس کی سیاحتی صلاحیت ملحقہ علاقوں کی مقامی معیشت کو فروغ دے سکتی ہے۔وزیر مملکت شانتو ٹھاکر نے این ٹی پی ایچ سی اچھہ بل میں 500 ایل پی ایم آکسیجن پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا ۔اُنہیں جانکاری دی گئی کہ پلانٹ پر کام 2.5ماہ کی مدت کے اندر مکمل ہو جائے گا۔وزیر کو یہ بھی بتایا گیا کہ ضلع میں گزشتہ 6ماہ کے دوران 11لاکھ کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائے گئے ہیں۔مرکزی وزیر مملکت نے صحت کارکنوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے طبی برادری کو ان کی ویکسی نیشن کے لئے مشترکہ کوششوں پر مبارک باد دی ۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ ملک میں ڈاکٹروں کی محنت کی وجہ سے ہے کہ ملک میں 1 اَرب ویکسین کی خوراکیں دی گئی ہیں۔اُنہوں نے بہترین خدمات انجام دینے پر ہیلتھ کیئر ورکروں کو مبارک باد دی ۔اُنہوں نے پہاڑی علاقوں کے ساتھ دُور دراز علاقوں میں ویکسی نیشن کو یقینی بنانے او روزیر اعظم کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ضلعی اِنتظامیہ کی تعریف کی۔ایک ہیلتھ ورکر نے اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے وزیر کو بتایا کہ ان کی ٹیم نے دِن رات کام کیا او رلوگوں کو ان کی دہلیز پر ویکسین دی۔ وزیر نے ویکسین کی 8,000 خوراکیں دینے پر ان کی تعریف کی۔مرکزی وزیر مملکت شانتو ٹھاکر کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ پیوش سنگلا ، اے ڈی ڈی سی اننت ناگ ، سی ایم او اننت ناگ اور دیگر اَفسران تھے۔ 
 

تازہ ترین