تازہ ترین

اُتراکھنڈ میں بارشوں سے تباہی

ہلاکتوں کی تعداد 29ہوگئی، راحت رسانی کیلئے آپریشن جاری

تاریخ    20 اکتوبر 2021 (00 : 01 AM)   


نینی تال// اتراکھنڈ کے کوماؤں ڈویژن کے نینی تال اور الموڑہ اضلاع میں گزشتہ تین دنوں سے جاری بارش کے قہرسے 29 افراد کی موت ہوگئی ہے جبکہ ایک شخص لاپتہ ہے ۔اس بارش کے قہر سے سب سے زیادہ نقصان نینی تال ضلع میں ہوا ہے ۔ اس ضلع میں 25 افراد کی بارشوں سے پیش آئے حادثات کی وجہ سے موت ہوئی ہے ۔ رام گڑھ بلاک کے جھوتیا-سکونا گاؤں میں نو مزدوروں زندہ دفن ہوگئے ۔ بتایا جا رہا ہے کہ سڑکوں کے بند ہو جانے سے اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) اور نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیمیں یہاں نہیں پہنچ پائی ہیں ، جس کی وجہ سے راحت رسانی کے کام سرانجام نہیں دیے جا رہے ہیں ۔سٹیٹ ڈیزاسٹر ریلیف فورس (ایس ڈی آر ایف) اتراکھنڈ میں گزشتہ دو دنوں سے مسلسل بارش کی وجہ سے ندیوں میں پانی کی سطح میں اضافے کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ کے حادثوں پھنسے ہوئے لوگوں کو بچانے میں مصروف ہے ۔ ایس ڈي آر ایف کے جوانوں نے منگل کی دوپہر تک اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو بچایا ہے ۔ایس ڈی آر ایف کی ترجمان للیتا داس نیگی نے بتایا کہ ادھم سنگھ نگر میں واقع امیٹی اسکول پھنسے ہوئے اساتذہ سمیت 49 بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے جبکہ دن کے دوران سو سے زائد افراد کو ٹرانزٹ کیمپ وغیرہ سے بچایا گیا ہے ۔