تازہ ترین

لداخ میں کشیدگی برقرار: راوت

کشمیر میں صورتحال کو بگاڑنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی

تاریخ    19 اکتوبر 2021 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
نئی دہلی// چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت نے کہا ہے کہ سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی اور سرجیکل اسٹرائک کر کے ہم نے یہ بتایا دیا ہے۔ نیشنل ڈیفنس کالج نئی دلی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راوت نے کہا کہ ہندستانی فوج کو اپنے ہتھیار اور دیگر ضروریات کے لئے کسی ایک ملک پر انحصار نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی فوجی ضرورتوں کیلئے مسلسل بندشوں کے خطرے سے باہر نکلنا ہو گا۔بپن راوت نے کہا ' مشرقی لداخ میں ہندستان اور چین کے درمیان حقیقی کنٹرول لائن پر صورت حال کچھ حد تک کنٹرول میںہے تاہم کشیدگی میں کمی نہیںآئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم لائن آف ایکچول کنٹرول میں کسی بھی تبدیلی کو قبول نہیں کریں گے۔جنرل راوت نے یہ بھی کہا کہ بالاکوٹ اور سرجیکل اسٹرائک سے ہم نے پاکستان کو ایک مضبوط پیغام دیا ہے۔ تین دہائیوں سے پاکستان کی فوج اور اس کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی جموں وکشمیر میں جنگ چھیڑے ہوئے ہیں۔ اب تیزی سے سوشل میڈیا پر ہندستان مخالف بیان بازی شروع ہو رہی ہے اور ہندستان کے اندر سماجی بھید بھائوپیدا کرنے کے لئے جھوٹی فرقہ وارانہ کہانیاں پھیلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ جمو ں کشمیر میں امن و امان کی صورتحال کو بگاڑ نے کی کسی کو اجاز ت نہیں دی جا سکتی ہے ۔