تازہ ترین

ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کا سلسلہ جاری | دہلی میں پٹرول 106روپے فی لیٹر کے قریب

تاریخ    18 اکتوبر 2021 (00 : 12 AM)   


نیوز ڈیسک
نئی دہلی//پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ تیل کمپنیوں نے اتوار کے روز ایندھن قیمتوں میں 35 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کر دیا ہے۔ دہلی میں پٹرول کی قیمت اپنی بلند ترین سطح 105.84 روپے فی لیٹر جبکہ ممبئی میں 111.77 روپے فی لیٹر پہنچ گئی ہے۔ ممبئی میں ڈیزل کے دام 102.52 روپے فی لیٹر جبکہ دہلی میں اس کی قیمت 94.57 روپے فی لیٹر ہے۔پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35 پیسے فی لیٹر کے اضافہ کا یہ لگاتار چوتھا دن ہے۔ 12 اور 13 اکتوبر کو شرحوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی تھی۔ ڈیزل کی قیمتوں میں گزشتہ 23 دنوں میں 19 مرتبہ اضافہ کیا جا چکا ہے، جس سے دہلی میں اس دوران اس کی قیمت 5.95روپے فی لیٹر بڑھ گئی ہے۔ڈیزل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ کے ساتھ ملک کے بیشتر علاقوں میں ایندھن اب 100 روپے فی لیٹر سے زیادہ کے داموں پر دستیاب ہے۔دریں اثنا، مرکزی رہائش و شہری ترقی اور پٹرولیم و قدرتی گیس کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے کہا کہ حکومت پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے ۔
 

تازہ ترین