تازہ ترین

مزید 2سرکاری ملازم برطرف

تاریخ    17 اکتوبر 2021 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر// بلال فرقانی//جموں کشمیر انتظامیہ نے مزید 2سرکاری ملازمین کو نوکریوں سے برخواست کیا جن میں ایک سرکاری ٹیچر جبکہ ایک ایس کے آئی سی سی میں ملازم تھا۔ سرکار کی جانب سے ہفتہ کو جاری ایک آرڈر میں کہا گیا ہے کہ شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر میں تعینات ریسرچ افسر انیس الاسلام کو حکومت ہند کے دفعہ311 کی شق2کی ذیلی شق(C) کے تحت نوکری سے برطرف کیا گیا ہے۔یہ شق حکومت کو یہ اختیار دیتی ہے کہ وہ بغیر تفتیش کے ملازمین کو نکال دے اگر ’’صدر یا گورنر ، جیسا کہ معاملہ ہو ، مطمئن ہو کہ ریاست کی سلامتی کے مفاد میں ، اس طرح کی تحقیقات کرنا مناسب نہیں ہے‘‘۔انیس الاسلام مرحوم سید علی شاہ گیلانی کے نواسے تھے۔جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک اور حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ فاروق احمد بٹ ولد دائود بٹ نامی ٹیچر، جو گورنمنٹ مڈل سکول کاٹھوا ڈوڈہ میں تعینات ہے، کی سرگرمیاں مشکوک ہیں لہٰذا اسے نوکر ی سے بر طرف کیا جاتا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ وہ ایک سرگرم جنگجو کا بھائی ہے۔دونوں حکم ناموں میں کہا گیا ہے کہ کیسوں سے متعلق معلوم شدہ اطلاعات کی بنیاد پرحقائق اور وجوہات کو زیر غور لانے کے بعد لیفٹیننٹ گورنر اس بات سے مطمئن ہیںکہ، انیس الاسلام اور فاروق بٹ کو نوکری سے برطرف کرنا حق بجانب ہے‘‘۔