تازہ ترین

سیاستدانوں کا کام الٹا پلٹا کہنا | تمام آسان اہداف کی سیکورٹی ممکن نہیں: آئی جی پی

تاریخ    17 اکتوبر 2021 (00 : 01 AM)   


بلال فرقانی
سرینگر// انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وجے کمار نے کہا کہ تمام آسان اہداف کو سیکورٹی فراہم کرنا ممکن نہیں جبکہ پولیس کو پیشہ ورانہ فورس ہونے کے ناطے اس بات کا علم ہے کہ حالات  سے کس طرح نپٹا جائے۔ پریس کالونی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وجے کمار نے کہا’’میں بار بار کہتا ہوں کہ سیکورٹی کے محاذ پر کوئی کمی نہیں ہے ،آسان اہداف کو نشانہ بنا کر حملہ کیا گیا جنہیں ہماری طرف سے سکیورٹی فراہم نہیں کی گئی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو سیکورٹی فراہم کرنا ممکن نہیں ہے اور ہم نے ان کی (حالیہ شہری ہلاکتوں کے پیچھے جنگجوئوں ) کی شناخت کی ہے۔ وجے کمار نے صحافیوں کو بتایا کہ2جنگجوئوںکوپہلے ہی ہلاک کیا گیا ہے اور تین دیگر کو جلد ہی ہلاک کر دیا جائے گا۔ موجودہ صورتحال سے متعلق سیاست دانوں کی تشویش اور بیانات سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا’’سیاست دانوں کا کام لٹا پلٹا کہنا ہے، ہم ایک پیشہ ور فورس ہیں، ڈاکٹر جانتا ہے کہ علاج کیسے کرنا ہے،ہم پیشہ ور ہیں اور ہم اسے سنبھالنا جانتے ہیں، بندرو کی ہلاکت کے بعد ، میں نے کہا کہ ہم امن کو برقرار رکھنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔‘‘وجے کمار نے دعویٰ کیا کہ کل مارے گئے دو  جنگجو اس عسکری گروپ کا حصہ تھے جس نے اساتذہ کو نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ مہران نے پستول سے فائرنگ کی اور یہ دونوں بھی وہاں موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر سے اب تک وادی میں9مقابلے ہوئے ہیں اور 13  جنگجو مارے گئے ہیں ، جن میں دو شہر سے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پانپور میں مہلوک  لشکرکمانڈرپولیس کی جانب سے مشتہر کئے گئے ٹاپ10مطلوب جنگجوئوں میں شامل تھا ۔ اانہوں نے کہا کہ عمر مشتاق کھانڈے سرینگر کے باغات علاقے میںجموںو کشمیر پولیس کے دو اہلکاروں محمد یوسف اور سہیل احمد کی ہلاکت میں ملوث تھا ۔ عمر مشتاق نے 26اکتوبر 2020میں ہتھیار اٹھائے تھے جب وہ گیارویں جماعت میں زیر تعلیم تھا ۔کشمیر پولیس زون کے ٹویٹر ہنڈل سے ایک کے بعد ایک ٹویٹ کرتے ہوئے آئی جی پی نے بتایا سرینگر میں سرگرم 5میں سے3جنگجوئوںکو گزشتہ25گھنٹوں میں ہلاک کیا گیا ہے۔خیال رہے جمعہ کی شام پلوامہ کے وہی بگ اور بمنہ سرینگر میں دو الگ الگ تصادم آرائیوں میں 2جنگجومارے گئے  اس طرح گزشتہ24گھنٹوں کے دوران تین تصادم آرائیوں میں 4جنگجو جاں بحق ہوئے ہیں ۔