مغل شاہراہ پر تعمیر ٹائلٹ نا قابل استعمال

متعلقہ حکام ٹس سے مس نہیں ،مسافر پریشان

تاریخ    16 اکتوبر 2021 (00 : 01 AM)   


بختیار کاظمی
سرنکوٹ//خطہ پیر پنچال کو وادی کیساتھ جوڑنے والی مغل شاہراہ پر قائم کر دہ ٹائلٹ انتہائی خستہ حالی کا شکار ہو ئے ہیں جبکہ متعلقہ حکام ان کی بحالی کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دے رہے ہیں ۔مسافروں نے بتایا کہ مشکلات کو دیکھتے ہوئے مغل شاہراہ پر ٹائلٹوں کی تعمیر عمل میں لائی گئی تھی تاہم عارضی تعمیرات ہو نے کیساتھ ساتھ انتظامیہ کی جانب سے انتہائی لاپراہی کا مظاہرہ کیا گیا جس کی وجہ سے کچھ ہی وقت میں مذکورہ ٹائلٹ تباہ ہو گئے ہیں جبکہ کچھ ایک کی حالت نا قابل استعمال ہے ۔غور طلب ہے کہ روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں مسافر مذکورہ شاہراہ کیساتھ سفر کرتے ہیں لیکن بنیادی سہولیات کی شدید قلت کی وجہ سے مسافروں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ٹائلٹوں میں پہلے سے ہی پانی کا کوئی بندوبست ہی نہیں کیا گیا تھا ۔انہوں نے تعمیراتی ایجنسی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری فنڈز کا پوری طرح سے غلط استعمال کیا گیا ہے جس کی وجہ سے کچھ ہی وقت کے اندر مسافروں کو سہولیات میسر ہی نہیں ہو رہی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت مسافروں با لخصوص خواتین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے ۔مسافروں و سرنکوٹ کے مکینوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مغل شاہراہ پر تعمیر کردہ ٹائلٹوں کو جلدازجلد قابل استعمال بنایا جائے ۔

تازہ ترین