ایس پی اوزا ور وی ڈی سی ممبران کی ماہانہ تنخواہ میں اضافہ کیا جائے:سیوا سنگھ بالی

ڈیلی ویجر ووں کی مستقلی و برطرف کئے گئے ایس پی اوز کی واپسی کا مطالبہ

تاریخ    16 اکتوبر 2021 (00 : 01 AM)   


اشتیاق ملک
ڈوڈہ //عام آدمی پارٹی ٹریڈ یونین ونگ یوٹی کے صدر و اے آئی وی پی پی کے قومی صدر سیوا سنگھ بالی نے ایس پی اوز کی تنخواہ میں اضافہ کرنے، برطرف کئے گئے ایس پی اوز کی واپسی و سبھی وی ڈی سی ممبران کو ماہانہ مشاہرہ ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت پر انہیں ووٹ بنک کے طور پر استعمال کرنے کا الزام عائد کیا۔ ڈوڈہ ضلع کے دورے کے دوران ٹاؤن حال میں منعقد کنونشن کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی و بڑھتی ہوئی بے روزگاری سے عام آدمی کا جینا محال بن گیا ہے جبکہ سینکڑوں بے روزگار نوجوانوں ذہنی تناؤ کا شکار ہو چکے ہیں اور سرکار کوئی مثبت اقدامات نہیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پچھلے ایک دہائی سے ایس پی اوز، وی ڈی سی و ڈیلی ویجر ورکرز کو درپیش مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کررہے ہیں اور اس معاملے کو متعدد لیفٹیننٹ گورنر سے لے کر وزیر اعظم تک پہنچایا لیکن کچھ حاصل نہیں ہوا۔عام آدمی پارٹی لیڈر نے کہا کہ ایس پی اوز و وی ڈی سی ممبران نے نامساعد حالات کے دوران جو قربانیاں دیں ہیں وہ رائگاں نہیں ہوں گی۔انہوں نے وی ڈی سی ممبران کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سرکار انہیں ووٹ بنک کے طور پر استعمال کرتی ہے اور ساٹھ سال سے زیادہ کے عمر کے ایس پی اوز کو بناء کچھ مراعات دئیے سبکدوش کیا جارہا ہے جو کہ افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ ایس پی اوز نے گھریلو مشکلات کے باعث ایس پی اوز کی نوکری چھوڑی تھی جس کے بعد انہیں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔سیوا سنگھ بالی نے کہا کہ مزدور و غریب طبقہ کو فلاحی اسکیموں سے بھی محروم رکھا جاتا ہے ۔انہوں نے ایل جی انتظامیہ و مرکزی حکومت سے ایس پی اوز و وی ڈی سی ممبران کی تنخواہ میں اضافہ کرنے، برطرف کئے گئے ایس پی اوز کی واپسی، سبکدوش ہونے والے ایس پی اوز کو تمام تر مراعات فراہم کرنے و مختلف محکموں میں کام کر رہے ڈیلی ویجر ورکرز کو باقاعدہ طور پر مستقل بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے بھدرواہ، ٹھاٹھری و گندوہ کا بھی دورہ کرکے عوامی مسائل کا جائزہ لیا۔اس دوران ڈی ڈی سی کونسلر و عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر معراج الدین ملک، یوتھ لیڈر ڈی کے سنگھ، بھی ان کے ہمراہ تھے۔
 

تازہ ترین