تازہ ترین

مزید خبریں

تاریخ    16 اکتوبر 2021 (00 : 01 AM)   


لداخ میں کووِڈ- 19کے 6نئے معاملات

لیہہ//لداخ میں چھ نئے کووِڈ- 19معاملات کے سامنے آنے کے بعد یہاں کورونامتاثرین کی تعداد 20867 ہوگئی ہیں جبکہ مرکزی زیرانتظام خطے میں فعال کووِڈمریضوں کی تعداد 44ہے۔ اس با ت کااظہار حکام نے کیا ہے۔ لداخ میں کورونا وائرس سے 208 لوگ مرے ہیں جن میں 105لداخ اور58کرگل میں شامل ہیں۔لداخ میں لیہہ کے تین اور کرگل کے ایک مریض کو اسپتال سے رخصت کرکے یہاں  کورونا سے شفایاب ہونے والے لوگوں کی تعداد20615 ہوگئی ہے۔نئے تمام مریض لیہہ کے ہیں اوریہاں1008نمونوں کی جانچ کی گئی جوسب منفی تھے۔حاکموں کے مطابق اس وقت  لیہہ میں42کووِڈ کے مریض ہیں جبکہ کرگل میں دوایسے مریض ہیں۔
 

پرائمری اورمڈل اسکولوں میںدرس وتدریس شروع کیاجائے:والدین کامطالبہ 

سرینگر//جموں و کشمیر کے نجی و سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے والدین نے جمعہ کولیفٹینٹ گورنرانتظامیہ پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر میں پرائمری اور مڈل کلاسوں کے لیے اسکول دوبارہ کھولنے کے بارے میں احکامات صادر کریں کیوںکہ زندگی معمول پر آگئی ہے اور تقریبا ہر شعبہ معمول کے مطابق کام کررہا ہے۔کے این ایس سے گفتگو کرتے ہوئے  والدین نے پرائمری اور مڈل سکولوں کو مسلسل بند رکھنے پر پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔والدین کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کو ان کلاسوں کے لیے سکول دوبارہ کھولنے کا طریقہ کار وضع کرنا چاہیے کیونکہ ان کے بچوں کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے۔انہوں نے بتایااگرچہ 18 ماہ کے وقفے کے بعد ، حکومت نے حال ہی میں کووِڈ - 19 رہنما اصولوں کے ساتھ 10 ویں اور 12 ویں کلاس کے لیے اعلی تعلیمی اداروں اور اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دی ، تاہم  پرائمری اور مڈل کلاسز کیلئے اسکول بند ہے۔والدین نے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو کووِڈ ایس او پیز کے بارے میں آگاہ کریں گے ، لیکن حکومت کو کچھ طریقہ کار وضع کرنا ہوگا تاکہ اسکول ان کلاسوں کے لیے دوبارہ کھولے جائیں۔والدین نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ وبائی بیماری انتہائی متعدی ہے لیکن انتظامیہ کیسوں کا صفر کی سطح تک جانے کا انتظار نہیں کر سکتی  کیونکہ یہ تعلیم اور مستقبل کی نسل کو متاثر کر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بچوں کے مستقبل کے بارے میں فکر مند ہیں کیونکہ تقریبا ًدو سال سے وادی کے بچے آف لائن کلاسوں میں نہیں گئے۔گھنٹوں طویل کلاسوں میں شرکت اور آن لائن طریقوں سے امتحانات کی تیاری نے بہت سے بچوں کی بینائی کو متاثر کیا ہے۔ ملک کی بہت سی ریاستوں نے حال ہی میں پرائمری اسکولوں کو دوبارہ کھول دیا ہے جن پر عمل کرنے کے لیے مناسب ہدایات دی گئی ہیں۔ جو بچے ہمارے معاشرے کا مستقبل ہیں انہیں سکول جانے اور سیکھنے کا پورا حق ہے جو ان کی مجموعی ترقی ، حفاظت اور فلاح و بہبود کے لیے بہت ضروری ہے۔انہوں نے اس معاملے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا اور جموں و کشمیر میں انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ پرائمری سکولوں کو دوبارہ کھولنے کے لیے ایک مناسب طریقہ کار وضع کرے۔
 
 

مابعد حالیہ ہلاکتیں

وادی چھوڑ چکے پنڈت واپس آرہے ہیں:سنجے تکو

یواین آئی
 
سری نگر// کشمیری پنڈت سنگھرش سمیتی کے چیئر مین سنجے تکو کا کہنا ہے کہ کشمیر میں حالیہ ہلاکتوں کے بعد جو پنڈت کنبے ڈر کی وجہ سے یہاں سے چلے گئے تھے وہ واپس گھر آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے چار پانچ دن یہاں خوف میں گذارے لیکن اب ہمارا خوف رفتہ رفتہ کم ہو رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر کے مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام نے بھی بیان میں کہا کہ وہ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔موصوف چیئر مین نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کے روز یہاں ایک نیوز پورٹل کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا،’’ہم نے چار پانچ دن یہاں خوف میں گذارے ، دن کو چین تھا نہ راتوں کو نیند لیکن ایک مثبت خبر یہ ہے کہ جو سات پنڈت کنبے یہاں سے چلے گئے تھے وہ واپس آئے ہیں‘‘۔تکو نے کہا کہ میں نے سوشل میڈیا پر مسجد کمیٹیوں اور مولوی صاحبان سے اپیل کی تھی کہ وہ اعلان کریں کہ ہم اقلیتی فرقے کے لوگوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا،’’اس کے بعد لوگ خاص کر ہمارے ہمسایے جو مسلمان ہی ہیں ،ہمارے گھروں میں آئے ، وہ خود بھی ڈرے ہوئے تھے ، اس سے ہمارا ڈر بھی دور ہوا اور ان کا بھی‘‘۔موصوف چیئر مین کا کہنا تھا کہ جو ڈر ہم محسوس کر رہے تھے اس میں 60 فیصد کمی واقع ہوئی ہے اور لوگ بھی اب اپنے کام کاج پر نکل رہے ہیں۔انہوں نے کہا،’’جموں و کشمیر کے مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام نے بھی بیان دیا کہ میں ایک کروڑ تیس لاکھ مسلمانوں کا مذہبی رہنما ہوں اور میں اقلیتی فرقے کے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہوں‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ آج جمعہ ہے اور مولوی صاحبان اپنے اپنے خطبوں میں آج بھی اس طرح کے بیان دیں گے ۔بتادیں کہ وادی کشمیر میں رواں ماہ کے دوران نامعلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں چار غیر مسلموں کی نشانہ وار ہلاکتیں ہوئیں ان میں ایک خاتون سکول پرنسپل سمیت دو اساتذہ، ایک معروف دوا فروش اور ایک پانی پوری بیچنے والا شامل ہے ۔
 
 

گاندربل میںدرخت سے گرنے والا شہری جاں بحق

ارشاداحمد
 
 سرینگر / /  گاندربل میں ایک ماہ قبل اخروٹ کے ایک درخت سے گر نے کے بعد شدید زخمی ہو نے والا شہر ی جمعہ کی صبح زخموں کی تاب نہ لاکر دم بیٹھا۔  ایک ماہ قبل محمد عامر خان ولد جمعہ خان ساکن وائل ووڈر گاندربل اخروٹ کے درخت سے گر کر شدید زخمی ہو گیا تھا جس کے بعد اسے اسپتا ل منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ تب سے ز یر علاج تھا۔ جمعہ کی صبح اس کی حالت متغیر ہوئی اور اس نے سکمز میڈیکل انسٹی ٹیوٹ سرینگر میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ جب اسکی لاش گھرپہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا۔
 

نوشہرہ میں تلاشی مہم جاری 

رمیش کیسر 
نوشہرہ //سب ڈویژں نوشہرہ کے سرحدی علاقوں میں دوسرے روز بھی تلاشی مہم مسلسل جاری رہی جبکہ اس دوران کوئی مشکوک اشیاء برآمد نہیں ہو ئی ۔گزشتہ دنوں سب ڈویژن کے کچھ سرحدی دیہات میں مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع موصول ہوئی تھی جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طورپر تلاشی مہم شروع کر دی ہے ۔اس مہم کے دوران حد متارکہ کے ملحقہ کئی دیہا ت کا محاصرہ کر کے تلاشی کی جارہی ہے ۔غور طلب ہے کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے خطہ پیر پنچال میں ملی ٹینسی سے متعلق سرگرمیوں میں اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے بھی چوکسی اختیار کرلی ہے ۔سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ نوشہرہ کے سرحدی دیہات مشکوک نقل و حرکت کی اطلاعات موصول ہوئی تھی جسکے بعد ایک تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے ۔
 

مینڈھر کے جنگلات میں خانہ بدوش طبقہ کا راستہ بھی بند 

جاوید اقبال 
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے بھاٹہ دھوڑیاں اور طوطا گلی جنگلات میں شروع کردہ آپریشن کے بعد وادی بالخصوص پہاڑی علاقوں سے میدانی علاقہ کی جانب ہجرت کرنے والے خانہ بدوش طبقہ کا راستہ بھی بند کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے مذکورہ طبقہ کے کئی کنبے بھاٹہ دھوڑیاں اور سرنکوٹ کے درمیانی علاقوں میں دربدر ہو گئے ہیں ۔گزشتہ دنوں خطہ پیر پنچال کے پہاڑی سلسلے میں ہوئی شدید بارش اور موسم کی پہلی ہلکی برفباری کے بعد راجوری اور پونچھ اضلاع کے میدانی علاقوں سے تعلق رکھنے والے خانہ بدوش طبقہ نے ہجرت کا عمل شروع کردیا تھا جبکہ گزشتہ دنوں بھاٹہ دھوڑیاں اور طو طا گلی کے درمیانی جنگلات میں سیکورٹی فورسز پر ہوئے حملے کے بعد بڑے پیمانے پر شروع ہوئی تلاشی مہم کی وجہ سے ان خانہ بدوش طبقہ کو بھی روک دیا گیا ہے ۔دوسری جانب اس وقت علاقہ میں فصلوں کی کٹائی کا عمل شروع ہے جس کی وجہ سے خانہ بدوش طبقہ کو مال مویشیوں کی مشکلات مزید پیچیدہ ہونا شروع ہو گئی ہے ۔
 

سانپ کے ڈسنے سے نوجوان کی موت 

پرویز خان 
 
منجا کوٹ // منجا کوٹ تحصیل میں سانب کے ڈسنے کی وجہ سے ایک 25سالہ نوجوان کی موت واقعہ ہو گئی ۔اہل خانہ نے بتایا کہ نوجوان کو سانپ کے ڈسنے کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے مزید علاج معالجہ کیلئے گور نمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا تاہم دوران علاج اس کی موت واقعہ ہو گئی ۔نوجوان کی شناخت 25سالہ محمد مشتاق ولد محمد صدیق سکنہ راجدھانی منجا کوٹ کے طورپر ہوئی ہے ۔
 
 
 

بیروہ میں تیندوے کا حملہ

۔6بھیڑوں کی چیرپھاڑ کی 

بڈگام//ارشاد احمد//بیروہ میں تیندوے نے دوران شب گائو خانہ میں گھس کر 6بھیڑوں کی چیر پھاڑ کی۔ اروہ بیروہ میں گلزار احمد چوپان ولد محمد رمضان کے ٹین سے بنے گاوخانہ میں موجود بھیڑوں پر تیندوے نے حملہ کرکے موقع پر 6 بھیڑوں کی چیر پھاڑ کرکے ان کو ہلاک کر دیا جس کے نتیجے میں مذکورہ شخص کو ہزاروں روپے مالیت کے نقصان سے دوچار ہونا پڑا۔پولیس کے اعلی حکام نے کشمیر عظمی کو تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گلزار احمد چوپان کی 6 بھیڑوں کو تیندوے نے ہلاک کردیا ہے ۔
 

پلوامہ میں ریت اور بجری کا اخراج 

۔3افراد گرفتار،2ٹپر اورڈمپر ضبط 

سرینگر//پلوامہ میں پولیس نے غیر قانونی طور پر ریت اور بجری کے اخراج کی پاداش میں 3 شہریوں کو گرفتار کرکے 2ٹپر اور ایک ڈمپر ضبط کیا ۔پولیس تھانہ کاکہ پورہ کی پولیس پارٹی نے ضلع مجسٹریٹ آفیسر کی موجودگی میں کنڈی زال کاکہ پورہ میں ناکہ بٹھایاتھا جس کے دوران2ٹپر اور ایک ڈمپر کوروک لیا گیا اور تلاشی لی گئی۔ پولیس نے تلاشی کے دوران غیرقانونی طور پر نکالی نکالی گئی ریت اوربجری کو گاڑیوں سمیت ضبط کیا۔ اس موقعہ پر پولیس نے گاڑیوںمیں سوار3افراد شفیق احمد راتھر ، محمد شاہد بٹ اور عبدالمجید پنجو کوگرفتارکرلیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 138/2021درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔(جے کے این ایس)
 

مہانومی اور دسہرہ پر 

نیشنل کانفرنس اور اپنی پارٹی کی مبارکباد

 سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے مہانومی اور دسیرا کے تہواروں کے موقعہ پر ہندو برادری خاصکر کشمیری پنڈتوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مذاہب انسانی بھائی چارے کا درس دیتے ہیں اور آپسی محبت کو مستحکم بنانے کی راہیں دکھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنڈت برادری کی عدم موجودگی میں وادی کشمیر اداس ہے تاہم انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ہمارے سماج کو اپنی دیرینہ روایات پھر سے بحال کرنے کا موقعہ ملے گا۔ ادھر پارٹی کے صوبائی صدر رتن لعل گپتا، پارٹی لیڈران ایم کے یوگی، بھوشن لعل بھٹ، ڈاکٹر ثمیر کول اور جگدیش سنگھ آزاد نے بھی مہا نوامی کے تہوارپرمبارکبادی پیغام میں کہا ہے کہ مذہبی تہوار انسانیت، اخوات، بھائی چارہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا درس دیتے ہیں۔ادھر اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے دسہرہ کے تہوار پرعوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ الطاف بخاری نے کہاکہ یہ تہوار برائی پر اچھائی کی جیت کی یاد کے طور منایاجاتاہے اور یہ ہمیں اقدار اور اچھائی کی یاد دلاتاہے ۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ تہوار سماج میں امن، خوشحالی اور بھائی چارہ لے کر آئے۔ 
 

 راجپور اور لیتر پلوامہ میں پولیس پبلک میٹنگوں کا انعقاد

سرینگر// پلوامہ میںپولیس کمیونٹی پارٹنر شپ گروپ کا اجلاس پولیس اسٹیشن راجپورہ اور پولیس اسٹیشن لیتر میں ایک انٹرایکٹو کم تعارفی میٹنگ منعقد ہوئی ان میٹنگوں میں پلوامہ قصبے کے معزز افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تھانہ پولیس راجپورہ پلوامہ میٹنگ کے دوران ، شرکاء نے مختلف عمومی مسائل خاص طور پر پلوامہ سے شادی مرگ تک جانے والی سڑک پر میگڈم بچھانے کا معاملہ اٹھایا اور شکایت کی کہ متعلقہ حکام نے تحصیل آفس راجپورہ کے قریب میگڈم بچھانے کا کام روک دیا ہے اور مین مارکیٹ کا احاطہ شامل نہیں کیا جس سے عام لوگوں کیلئے پریشانی پیدا ہوتی ہے۔ شرکاء کی طرف سے اجاگر کی گئی شکایات کا حوالہ دیتے ہوئے پلوامہ پولیس نے انہیں یقین دلایا کہ ان کی شکایات کو فوری طور پر ازالہ کے لئے متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا اور مزید کہا کہ پولیس معاشرے کی بہتری کے لیے جب بھی ضرورت پڑے گی ،اس کی قانونی مدد فراہم کرے گی۔اس دوران پولیس تھانہ لیتر میں ایک انٹرایکٹو کم تعارفی میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت ایس ڈی پی او لیتر نثار احمد نے کی۔میٹنگ میں لٹر پلوامہ کے گاؤں نکلوڑہ کے معزز شہریوں نے شرکت کی۔شروع میں ، تمام شرکاء کا خیر مقدم کیا گیا اور پلوامہ پولیس کی جانب سے نیکلورہ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں جرائم اور دیگر مسائل کو روکنے کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔اس موقعہ پر افسران نے کہا کہ اس طرح کی میٹنگ بہتر پولیسنگ کے لئے لوگوں کی تجاویز اور مدد مانگنے کے لئے منعقد کی جاتی ہیں اور مستقبل میں بھی منعقد کی جائیں گی۔پلوامہ پولیس نے انہیں یقین دلایا کہ پولیس معاشرے کی بہتری کے لیے جب بھی ضرورت پڑے گی مکمل تعاون فراہم کرے گی۔اجلاس میں شرکاء نے اس طرح کے اجلاس منعقد کرنے کے لیے پولیس کی کوششوں کو سراہا اور مستقبل میں بھی اس طرح کے اجلاس منعقد کرنے کی درخواست کی۔
 
 

ڈاکٹر فاروق کا مخدومی خاندان سے اظہار تعزیت

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور جمعیت ہمدانیہ نے زیارت حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومؒ کے دربار کے نعت خوان پیر محمد اشرف مخدومی ساکن مخدوم محلہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگوران کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت اور کلمات ادا کئے اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ پارٹی جنرل سیکریٹری علی محمد نے بھی اس سانحہ ارتحال پرمرحوم کے جملہ سوگوران کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور علی محمد ساگر نے مرحوم کے برادر اور دربارِ مخدوم صاحبؒ کے منصب دار شوکت احمد مخدومی (کاکہ پیر) کیساتھ ٹیلی فون پر رابط کرکے تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی۔ادھر جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ میرواعظ کشمیر مولانا ریاض احمد ہمدانی نے حضرت محبوب العالمؒ  کے معروف منصب دار اور منقبت خواں شوکت احمد مخدومی (کاکہ پیر) کے برادر پیر محمد اشرف مخدومی کے انتقال پر نہایت رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے اس سا نحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگوران کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ دریں اثناء جمعیت کے ایک تعزیتی اجلاس میں مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ جمعیت کے عبدالرشید گانی، صاحبزادہ محمد اشرف، مولانا شوکت حسین کینگ، پیرزادہ محمد یاسین ظہرہ، فاروق احمد گانی،پیرزادہ محمد اشرف عنایتی، پیر غلام نبی فاروقی نوشہری، منظور الحسن قریشی ، امام و خطیب خانقاہِ معلی غلام احمد ہمدانی، نائب امام بلال احمد، عبدالمجید متو ، مسعود الحسین ہمدانی اور شفیق احمد ہمدانی نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اُن کی مجلس ایصال ثواب پر جمعیت کے ترجمانِ اعلیٰ میر غلام محمد ساقی نے مرحوم کے برادر شوکت احمد مخدومی کی دستار بندی کی ۔
 

امت مسلمہ میں اتحاد ناگزیر: حقانی ٹرسٹ 

سرینگر//حقانی میموریل ٹرسٹ کی آن لائن کانفرنس منعقد ہوئی جس میں جملہ عہدیداروں اور ارکان نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرپرست اعلی سید حمید اللہ حقانی نے کہا کہ آمدِ میلادِ مصطفے ﷺ ہے میلاد کے فیوض و برکات سے یہ ساری کائنات منور ہو۔انہوںنے کہاکہ اتحاد و اتفاق کی نعمت سے مالا مال کرنے کے ضمن میں ہادیِ برحق ﷺ نے حجرہ اسود خانہ کعبہ میں نصب کرنے اور صلح حدیبیہ کے وقت جو حکمت عملی اختیار فرمائی وہ تا قیامت امت ِ مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ قرآن اور فرمانِ حضورِ اکرم ﷺ کے پیش نظر ہم سب پر اتحاد و اتفاق کو ذاتی اور اجتماعی زندگی میں اپنانا لازم بنتا ہے ۔انہوںنے کہاکہ کچھ عرصہ سے کشمیر میں علمی اختلاف کو لے کر انتشاری کیفیت ابھر رہی ہے جس میں ہر خاص و عام مبتلا ہورہے ہیں۔ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علما ورثتہ الانبیا ہیں ، مسلمانوں کی امامت و قیادت کا عظیم فریضہ ان ہی کے سپرد ہے اس تناظر میں علمائے کرام اور خطبا حضرات سے درد مندانہ گزارش ہے کہ وہ صبر و تحمل اور دور اندیشی کو سپر بنا کر آپسی اختلاف کو انتشار میں تبدیل ہونے نہ دیں اوران ایام متبرکہ میں اتحاد و اتفاق کی مضبوط رسی کو مضبوط تر بنانے میں جدوجہد کا مظاہرہ کریں ۔انہوں نے اہل سنت علما اور خصوصا ٹرسٹ کے جملہ ارکان و عہدہداران سے گزارش کی کہ وہ ہر اس قول و عمل سے دور رہیں جسکا مقصد شعوری یا غیر شعوری طور اختلافات کو ہوا دینا ہو اور امت مسلمہ کے اتحاد و اتفاق کیلئے اپنے آپ کو وقف کریں۔
 

شعیب ڈار اپنی پارٹی یوتھ صوبائی کنوینئر مقرر 

سرینگر//شعیب محمد ڈار کو اپنی پارٹی یوتھ ونگ صوبائی کنوینئرکشمیر مقرر کیاگیاہے۔ شعیب ڈار کی سفارش صوبائی یوتھ صدر کشمیر نے کی تھی جس کی تقرری دیگر قیادت کے ساتھ صلاح ومشورہ کرنے کے بعد اپنی پارٹی یوتھ ونگ صدر جنید عظیم متو نے عمل میں لائی۔
 

سوپور میں19برس کا نوجوان لاپتہ

پولیس کا بازیابی کیلئے عوام سے تعاون طلب 

غلام محمد
 
سوپور //سوپور پولیس نے 19 سال کے لاپتہ نوجوان توفیق احمد کبو کا سراغ لگانے کے لیے عام لوگوں سے مدد طلب کی ہے۔ پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ غلام رسول کبو ولد عبدالرحمان کابو ساکن ارم پورہ سوپور نے اطلاع دی کہ اس کا بیٹا توفیق احمد 12 اکتوبر 2021 سے لاپتہ ہے۔ عوام سے درخواست کی جاتی ہے کہ اگر کسی کے پاس کوئی معلومات یا اس کے ٹھکانے کے بارے میں کوئی اتہ پتہ ہو تو وہ سوپور پولیس کو درج ذیل نمبرات 7006707586، 9596773024، 9596773100  اور 9596773010پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ 
 
 

فوج کے اہتمام سے کیمپ

معذوروں کو مصنوعی اعضا فراہم

سرینگر//بھگوان مہاویر وکلانگ ساہیتہ سمتی جے پورنے فوج کے اہتمام سے یہان 13سے15اکتوبرتک مصنوعی اعضاء معذوروں کو فراہم کرنے کاایک کیمپ منعقد کیا۔ایسے ہی کیمپ دیگر مقامات پربھی وادی میں منعقد کئے گئے ہیں۔اس کیمپ میں مقامی لوگوں کی بھاری تعداد نے شرکت کی اورجسمانی طور خاص افراد کویہاں مناسب مصنوعی اعضا فراہم کئے گئے۔
 

تازہ ترین