تازہ ترین

بڈگام میں رِنگ روڈ کی تعمیر کیلئے حاصل کی گئی اراضی کامعاوضہ

حکام موجودہ قیمتوں کے مطابق اداکریں:نیشنل کانفرنسNHAI

تاریخ    16 اکتوبر 2021 (00 : 01 AM)   


 سرینگر//نیشنل کانفرنس نے ضلع بڈگام کے گڈستھو میں رنگ روڑ کی تعمیر کیلئے حاصل کی گئیں زمینوں کی قیمتیں کم کرنے پر نیشنل ہائے وے اتھارٹی کے حکام کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ 4سال قبل زمین مالکان سے 17لاکھ روپے فی کنال کے حساب سے زمینیں خریدی گئیں تھی لیکن آج ان مالکان کو مطلع کیا گیا ہے کہ انہیں صرف 14لاکھ روپے فی کنال دیئے جائیں گے۔ پارٹی کے معاون صوبائی ترجمان مدثر شاہمیری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ رنگ روڑ کی تعمیر کیلئے جتنے زمینداروں سے اراضی حاصل کی گئی تھی اُن میں سے 60فیصد افراد کو 2017 میں ہی 17لاکھ روپے کے حساب سے رقومات دیئے گئے اور جن لوگوں کو ابھی تک پیسے نہیں ملے ہیں انہیں 4سال گذر جانے کے بعد مطلع کیا جارہا ہے کہ انہیں صرف14لاکھ روپے کے حساب سے معاوضہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ ویلیو کے حساب سے ان علاقوں میں زمینوں کی قیمتیں 50سے 60لاکھ روپے فی کنال پہنچ گئی ہیں لیکن ہائی وے حکام 2017میں تعین کی گئی قیمتوں سے بھی انحراف کر رہے ہیں۔ حد تو یہ ہے کہ ان زمین مالکان کو ابھی تک پیسے نہیں دیئے گئے ہیں اور اب انتظامیہ زمین مالکان سے پوچھے بغیر سیب کے باغات کو کاٹ رہی ہیں۔یہ انتہائی ناانصافی اور بددیانتی کی بات ہے۔ شاہ میری نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی حکام پر زور دیا کہ وہ مذکورہ زمین مالکان کو موجودہ قیمتوں کے مطابق زمینوں کا معاوضہ فراہم کریں۔ 
 

تازہ ترین