تازہ ترین

الحاق کے وقت دی گئی آئینی ضمانتیں

ایمانداری کے ساتھ پوری کی جائے:حکیم یاسین

تاریخ    16 اکتوبر 2021 (00 : 01 AM)   


سرینگر//جموں کشمیرمیں بیگانگی اوربداعتمادی کی فضا متواترمرکزی حکومتوں کی طرف سے یہاں کے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کاایفا نہ کرنے کا نتیجہ ہے۔اس بات کااظہار کرتے ہوئے پیپلزڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم محمد یاسین نے مرکزی حکومت پرزوردیا کہ وہ جموں کشمیر کے بھارت کے ساتھ الحاق کے موقعہ پر دی گئی آئینی ضمانتوں کوخلوص اورایمانداری کے ساتھ پورا کریں تاکہ سابق ریاست جموں کشمیرمیں سیاسی وسماجی غیر یقینی کاخاتمہ ہوسکے ۔ایک بیان میں انہوں نے جموں کشمیرمیں عوامی حکومتوں کے قیام پرزوردیتے ہوئے کہا اس سے لوگوں کی سماجی، سیاسی اور ترقیاتی  امنگوں کو پوراکیاجاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکزکو بامعنی اعتمادسازی کے اقدام کرنے ہوں گے تاکہ باہمی بھروسے اوراعتماد کے ماحول کو جموں کشمیرمیں پیداکیاجائے۔انہوں نے کہا کہ متواتر مرکزی اورریاستی حکومتیں گزشتہ 70سال سے جموں کشمیر کو آئین ہندمیں دی گئی ضمانتوں اورخصوصی حیثیت کوختم کرنے کی ذمہ دار ہیں تاکہ ان کی ذاتی لالچ اور سیاسی مفادات کی تکمیل ہو۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کی موجودہ سیاسی وسماجی ابہام اوربے چینی کی ذمہ دار سابق مرکزی اورریاستی حکومتیں ہیں جنہوں نے اپنے اقتدار کیلئے لوگوں کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کیا۔انہوں نے موجودہ مرکزی حکومت پرزوردیا کہ وہ جموں کشمیرکے عوام کادل جیتنے کیلئے نتیجہ خیزمذاکرات شروع کئے جائیں۔انہوں نے جموں کشمیرمیں اسمبلی انتخابات کو فوری طورمنعقد کیاجائے۔

تازہ ترین